Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سمیت مزید بارہ ممالک کے لیے نیا سعودی ویزا سسٹم، سٹیکر کی جگہ کیو آر کوڈ

محکمہ شہری ہوابازی نے نئے نظام پرعمل درآمد کےلیے چارٹ جاری کیا ہے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب نے مزید 12 ممالک کے شہریوں کے لیے پاسپورٹ پر ویزا سٹیکر ختم کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کا آغاز کیا ہے۔
 ملازمت، اقامہ، وزٹ اور ملازمت کے ویزے آن لائن جاری کیے جائیں گے۔ 
اخبار 24 کے مطابق دوسرے مرحلے میں پاکستان، لبنان، نیپال، سری لنکا، ترکیہ، یمن، سوڈان، یوگنڈا، کینیا، مراکش، تھائی لینڈ اور ویتنام میں سعودی سفارتخانے اور قونصلیٹ پاسپورٹس پر سٹیکر نہیں لگائیں گے۔ کیو آر کوڈ کے ساتھ ای ویزا جاری کیا جائے گا۔
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے سعودی ایئرپورٹس کے لیے پروازیں چلانے والی تمام فضائی کمپنیوں کو اس حوالے سے تحریری طور پر مطلع کر دیا ہے۔ 
محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ ’پاسپورٹ پر ویزا سٹیکر کے بجائے اے فور کاغذ پر ویزا پرنٹ ہوگا جس میں مسافر سے متعلق ویزا معلومات درج ہوں گی۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’کیو آر کوڈ کے ذریعے ویزوں کے موثر ہونے کا پتہ لگایا جاسکے گا۔‘
محکمہ شہری ہوابازی کے مطابق ’اس سے قبل جاری ہونے والے سٹیکر ویزے موثر ہوں گے۔‘
محکمہ شہری ہوا بازی نے نئے نظام پرعمل درآمد کے حوالے سے چارٹ جاری کیا ہے۔ 

سعودی کابینہ نے  ویزوں کے اجرا کے نئے طریقہ کار کی منظوری دی تھی(فوٹو: ایس پی اے)

پاکستان 24 جولائی 2023، یمن 26 جولائی، سوڈان 2 اگست، یوگنڈا 7 اگست، لبنان 9 اگست، نیپال 14 اگست، ترکیہ 16 اگست، سری لنکا 21 اگست، کینیا 23 اگست، مراکش 28 اگست، تھائی لینڈ 30 اگست اور ویتنام میں 4 ستمبر2023 سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ سعودی کابینہ نے وزٹ اور ٹرانزٹ ویزوں کے اجرا کے نئے طریقہ کار کی منظوری دی تھی۔
نئے نظام کے مطابق وزٹ یا ٹرانزٹ ویزے کی کارروائی کرانے والے کے پاسپورٹ پر سٹیکر کے بجائے ای ویزا جاری ہوگا جس پر کیو آر کوڈ ہوگا۔ 
 ’یہ فیصلہ ملازمت، اقامہ اور وزٹ ویزوں کا نیا سسٹم متعارف کرانے والی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔‘ 
یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں ای ویزا سسٹم سات ممالک میں نافذ کیا گیا تھا۔ ان میں متحدہ عرب امارات، اردن، مصر، بنگلہ دیش، انڈیا، انڈونیشیا اور فلپائن شامل تھے۔

شیئر: