Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی لڑکی بھائی اور بہنوں کو بچاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی

پارک کی گئی گاڑی اچانک پیچھے کی جانب لڑھک کر کھائی میں جا گری۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے عسیر ریجن کے علاقے رجال المع میں سعودی لڑکی نے بھائی اور بہنوں کو بچاتے ہوئے جان دے دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی فیملی ریاض سے موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کے لیے رجال المع کے حسوۃ کوہستانی علاقے پہنچی تھی۔  
حسوۃ پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے کے بعد فیملی کے سربراہ نے گاڑی پارک کی اور اپنے ایک بیٹے کے ہمراہ گاڑی سے اتر کر کیمپنگ کا انتظام کرنے لگا۔
اترنے سے قبل گاڑی کو ہینڈ بریک لگایا تھا تاہم گاڑی اچانک پیچھے کی جانب جانے لگی اور اس کا رخ نشیب کی جانب تھا۔
گاڑی میں موجود سعودی لڑکی 21 سالہ ریما بنت مناع راشد نے جو دروازے کے قریب بیٹھی تھی۔ اپنی بہنوں اور ایک بھائی کو گاڑی سے باہر نکالنے کی کوشش کی۔ 
سعودی لڑی ریما گاڑی کے دروازے کے پاس بیٹھی تھی اور وہ آسانی سے نکل کر اپنی جان بچا سکتی تھی لیکن بھائی اور بہنوں کی محبت میں انہیں بچانے لگ گئی۔
آخر میں چھوٹا بھائی گاڑی میں رہ گیا تھا جسے نکالنے کی کوشش میں وہ ناکام رہی۔ گاڑی اسی دوران پہاڑ کے اوپر سے کھڈ میں جا گری۔ ریما اور اس کا چھوٹا بھائی ہلاک ہو گئے۔ 
ریما نے اسی سال گریجویشن کیا تھا اور وہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض پر ٹریننگ لے رہی تھی۔
موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کے لیے فیملی کے ہمراہ رجال المع کے حسوۃ پہاڑ گئی تھی۔ 

شیئر: