Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین نے جدہ مذاکرات میں دس نکاتی امن فارمولا پیش کر دیا

جدہ ملاقات سے مکالمے اور تعاون کو تقویت ملے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی میزبانی میں ساحلی شہر جدہ میں سنیچر کو یوکرین بحران پر مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔
الاخباریہ کے مطابق مذاکرات میں قومی سلامتی کے مشیر اور متعدد ممالک کے نمائندے یوکرین بحران کا حل تلاش کرنے کے لیے موجود ہیں۔ 
عرب نیوز کے مطابق مذاکرات میں یوکرین نے اپنا متوقع دس نکاتی امن فارمولا پیش کیا ہے۔
یوکرینی وفد کے ایک ذریعے نے العربیہ اور الحدث کو بتایا کہ’ ان تجاویز کو متعدد ممالک کی طرف سے حمایت حاصل ہے‘۔
یہ مذاکرات  یوکرین بحران کے ابتدائی دنوں سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے روسی اور یوکرینی رہنماوں کے ساتھ ان کی بات چیت، ایک امن معاہدے کے حصول، جنگ کے اثرات اور انسانی اثرات کو کم کرنے کےلیے مسلسل کوششوں کا تسلسل ہے۔  
سعودی حکومت کو امید ہے کہ جدہ ملاقات سے مکالمے اور تعاون کو تقویت ملے گی۔
قبل ازیں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ ’وہ مذاکرات کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں‘۔
ٹوئٹر پر بیان میں ان کا کہنا تھا’ سنیچر کو جدہ سعودی عرب میں امن فارمولے کے حوالے سے  قومی سلامتی کے مشیروں اور وزارت خارجہ کے نمائندوں کا اجلاس شروع ہوگا‘۔
’اجلاس میں مختلف براعظموں، گلوبل ساوتھ کے ممالک سمیت بہت سے ملکوں کی نمائندگی ہوگی‘۔
انہوں نے کہا ’ یہ بہت اہم ہے کیونکہ فوڈ سیکیورٹی جیسے معلاملات، افریقہ، ایشیا اور دنیا کے دیگر حصوں میں لاکھوں لوگوں کی قسمت کا براہ راست انحصار اس بات پر ہے کہ دنیا امن فارمولے پرعملدرآمد میں کتنی تیزی لائے گی‘۔

شیئر: