Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پانچ سال کے لیے نااہل قرار دے دیا

الیکشن کمیشن نے چیرمین پی ٹی آئی کو این اے 45 کُرم سے بھی ڈی نوٹیفائی کر دیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو پانچ سال کے لیے پارلیمانی سیاست سے نااہل قراد دے دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشنز عدالت سے تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کے بعد عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 63 (1) (h) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 232 کے تحت نا اہل قرار دیا جاتا ہے۔
کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو قومی اسمبلی کی نشست این اے 45 کُرم سے بھی ڈی نوٹیفائی کیا جا رہا ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز کا مرتکب قرار دیا تھا۔
سیشن کورٹ کے ایڈیشنل جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو عمران خان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
تحریری فیصلے میں لکھا گیا تھا کہ شکایت کنندہ ملزم کے خلاف مصدقہ شواہد پیش کرنے میں کامیاب رہا۔ ’شواہد کی نظر میں ملزم کے خلاف الزامات ثابت ہوتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سال 2018 سے 2020 کے دوران اثاثوں کی جھوٹی تفصیلات جمع کرائیں۔ جس وجہ سے وہ کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ 
فیصلے کے مطابق عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل کیے گئے تحائف سے متعلق معلومات میں دھوکے بازی سے کام لیا۔ ’کسی بھی شک کے بغیر چیئرمین پی ٹی آئی کی بے ایمانی ثابت ہوچکی ہے۔ ملزم کو الیکشن ایکٹ کی دفعہ 174 کے تحت 3 سال قید، 1 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے۔ ‘

عمران خان پی ٹی آئی کے تاحیات چیئرمین مقرر

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے منگل کو متفقہ قرارداد منظور کے ذریعے عمران خان کو پی ٹی آئی کا تاحیات چیئرمین مقرر کر دیا تھا۔
قرارداد میں کہا گییا تھا کہ ’عمران خان کی پاکستان کے لیے بے مثال اور تاریخی خدمات، تحریک انصاف کا پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت بنانے اور عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے ان کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں جماعت کا تاحیات چیئرمین بنایا جا رہا ہے۔‘

شیئر: