Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیجنگ میں سعودی، چینی بزنس فورم، بارہ معاہدوں پر دستخط

شراکت کے فروغ اور سعوددی، چینی سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
چین کے درالحکومت بیجنگ میں بدھ کو چینی، سعودی بزنس فورم کا انعقاد کیا گیا ہے۔ سعودی وزیر بلدیات و دیہی و آباد کاری امور ماجد الحقیل نے صدارت کی۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق فورم کے شرکا نے فنڈنگ، ریئل سٹیٹ ڈیولپمنٹ، آباد کاری، شہروں کے نئے بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں شراکت کے فروغ اور سعوددی، چینی سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔ 
سعودی وزیر بلدیات نے چین کے ساتھ شراکت کے فروغ کو سراہا اور کہا کہ ’سعودی عرب چین کے ساتھ شراکت کے فروغ کے لیے جو کوششیں کررہا ہے بزنس فورم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے‘۔ 
ماجد الحقیل کا کہنا تھا کہ’ دسمبر 2022 کے دوران چینی صدر کے دورہ مملکت کے موقع پر تین سربراہ اجلاس ہوئے تھے۔ دونوں ملک نے جامع سٹراٹیجک شراکت کا معاہدہ کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ان دنوں سعودی عرب میں سرمایہ  کاری کے مواقع  بڑھ گئے ہیں۔ سعودی عرب نے تین لاکھ سے زیادہ مکانات 150 ملین مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کرانا شروع کردیے ہیں۔ 17 سعودی شہروں میں مکمل محلوں پر مشتمل ہوں گے۔ ان پر 100 ارب ریال سے زیادہ کا سرمایہ لگے گا’۔
’چینی کمپنیاں مملکت ریئل سٹیٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں سرمایہ لگائیں۔ یہ چین کی تمام کمپنیوں کے لیے کھلی پیشکش ہے‘۔ 
سعودی وزیر بلدیات و آباد کاری کی موجودگی میں سعودی چینی بزنس فورم کے دوران چینی بینکوں، کمپنیوں اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے بارہ معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ ان میں سے پانچ معاہدوں کا تعلق آباد کاری سے ہے۔ ان پر پانچ ارب ریال  سے زیادہ کا سرمایہ لگے گا۔ 

شیئر: