Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسداد دہشت گردی کی عدالت کا علی وزیر کو رہا کرنے کا حکم

علی وزیر کی ضمانت 20 ہزار روپے مچلکوں کی عوض منظور ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ بھارہ کہو فراڈ کیس میں سابق رکنِ قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما علی وزیر کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
پیر کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے سابق رکنِ قومی اسمبلی علی وزیر کی ضمانت بعد از گرفتاری 20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔  
علی وزیر کی جانب سے وکیل عطااللہ کنڈی عدالت میں پیش ہوئے۔
تین ستمبر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے تھانہ بھارہ کہو فراڈ کیس میں سابق رکنِ قومی اسمبلی علی وزیر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیوٹی مجسٹریٹ شہزاد خان کی عدالت میں پولیس نے علی وزیر کو پیش کیا تھا۔
تفتیشی افسر محمد علی نے عدالت کو بتایا تھا کہ علی وزیر سے وصول اور جمع کی گئی رقم اور پراپرٹی کے حوالے سے تفتیش کرنی ہے۔
28 اگست کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دھمکی، اشتعال اور بغاوت کے کیس میں علی وزیر کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

شیئر: