Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی جے پی ’جوان‘ فلم بنانے پر شاہ رخ خان کی شُکرگزار کیوں؟

شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ اب تک باکس آفس پر 350 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب سکرین گریب)
انڈیا کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ’جوان‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم نے کانگرس کے دس سالہ ’کرپٹ اور پالیسی سے مفلوج‘ حکومت کو بے نقاب کیا۔
بدھ کو بی جے پی کے ترجمان گورَو بھاٹیہ نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ’ہمیں جوان فلم کے ذریعے 2004 سے 2014 تک کانگرس کی کرپٹ اور پالیسی سے مفلوج حکمرانی کو بے نقاب کرنے پر شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کر نا چاہیے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان نے اپنی فلم کے ذریعے لوگوں کو ’المناک سیاسی ماضی‘ یاد دلایا ہے۔
گورو بھاٹیہ نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی ساڑھے 9 برس کے دورِ حکومت میں کوئی بھی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا اور ان کی حکومت کا ’کلین ریکارڈ‘ ہے۔
بی جے پی کے ترجمان نے ’جوان‘ کا ڈائیلاگ لکھا ’ہم جوان ہیں، اپنی جان ہزار بار داؤ پر لگا سکتے ہیں صرف دیش کے لیے، تمہارے جیسے دیش بیچنے والوں کے لیے ہرگز نہیں۔‘
انہوں نے اس ڈائیلاگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ گاندھی خاندان کے لیے بالکل درست ہے۔‘
شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ اب تک باکس آفس پر 350 کروڑ روپے کما چکی ہے۔
باکس آفس پر گہری نظر رکھنے والے فلم ناقد ترُن آدرش کے مطابق گذشتہ جمعے کو ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ بالی وڈ کی تاریخ میں سب سے جلدی باکس آفس پر 350 کروڑ روپے کمانے والی فلم بن گئی ہے۔

شیئر: