Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپور میں ’الاسکا کنگ کریب‘ 2 لاکھ کا، کھا کر خاتون نے پولیس بُلوا لی

ریسٹورنٹ نے جاپانی خاتون سیاح کے گروپ کو 3500 گرام ڈش کا 680 ڈالر بِل ادا کرنے کو کہا (فائل فوٹو: پِکسابے)
حال ہی میں اپنے دوستوں کے ہمراہ سنگاپور کی سیر کے لیے جانے والی ایک جاپانی خاتون سیاح وہاں ایک ریستوران پر کھانے کا بل دیکھ کر دم بخود رہ گئیں۔
نیو یارک پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق خاتون سیاح جنہیں کیکڑے کی ایک ڈش کا 680 ڈالر (2 لاکھ پاکستانی روپے) بِل دیا گیا تھا نے فون کر کے پولیس کو بُلا لیا۔
سنگاپور کی لائف سٹائل ویب سائٹ ’ایشیا ون‘ نے لکھا کہ جاپانی خاتون سیاح کا کہنا تھاا کہ ’ریستوران کے عملے کی جانب سے مجھے اس ڈش کی قیمت کے بارے میں صحیح طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔‘
’جاپانی خاتون سیاح جِنکو شنبا 19 اگست کو سی فوڈ پیراڈائز ریستوران میں کھانا کھا رہی تھیں کہ اس دوران انہیں معلوم ہوا کہ انہوں نے کیکڑے کی جس ڈش کا آرڈر دیا تھا اس کی قیمت تقریباً 680 ڈالر (2 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔
جِنکو شنبا نے پولیس کے سامنے وضاحت کی کہ ’انہوں نے ایک ویٹر کی جانب سے تجویز کرنے پر ریستوران کی ’سگنیچر الاسکن کنگ چِلی ڈش‘ منگوائی تھی۔‘
’ویٹر نے کیکڑے کو ایک ڈش کے طور پر بتایا جس کی قیمت 20 ڈالر تھی، تاہم انہیں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ریستوران اس ڈِش کی قیمت فی 100 گرام کے حساب سے وصول کرتا ہے۔‘
جاپانی خاتون سیاح نے دعویٰ کیا کہ ’انہیں ڈِش تیار کرنے سے قبل کیکڑے کے کل وزن کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا تھا۔‘
ریستوران نے جاپانی خاتون سیاح سمیت چار افراد کے اس گروپ کو تقریباً 3500 گرام ڈش کا 680 ڈالر بِل ادا کرنے کو کہا۔

جاپانی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ’انہیں کیکڑے کے کل وزن کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا‘ (فائل فوٹو: فَلکر)

سیاحوں کے چار رکنی گروپ میں موجود 50 سالہ شخص کا کہنا تھا کہ ’ہم سب اس ڈِش کا بل دیکھ کر حیران رہ گئے کیونکہ ہم میں سے کسی کو بھی یہ نہیں پتا تھا کہ پورا کیکڑا صرف ہمارے لیے پکایا جائے گا۔‘
ریستوران کے عملے نے وضاحت کی کہ ’اس گروپ سے زیادہ پیسے نہیں وصول کیے گئے۔‘ عملے نے انہیں ایک دوسرے گاہک کے بِل کی رسید بھی دکھائی جنہوں نے اسی طرح کی ڈش کا آرڈر دیا تھا۔
کچھ بحث و تکرار کے بعد ریستوران کی انتظامیہ نے ’جذبہ خیرسگالی کے تحت‘ ان کا بِل 78 ڈالر کم کر دیا۔
بعدازاں پیراڈائز گروپ کے ایک نمائندے کا کہنا تھا کہ ’ہم اس معاملے پر اپنے عملے کے ساتھ کھڑے ہیں جس کے مطابق آرڈر دینے سے قبل گاہکوں کو ’الاسکا کنگ کریب‘ کی قیمت اور وزن کے بارے میں ’واضح طور پر آگاہ کیا گیا تھا۔‘

شیئر: