Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صنم جاوید سمیت پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنان کا چھ روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور

صنم جاوید سمیت 4 خواتین کارکنان کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔ فوٹو: ٹوئٹر
پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید سمیت آٹھ ملزمان کو نئے مقدمات میں شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوا دیا ہے۔
منگل کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نو مئی کو راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات کے الزامات میں ملوث پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید سمیت 8 ملزمان کے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے صنم جاوید سمیت دیگر کی نئے مقدمے میں شناخت پریڈ سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چھ روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کی گرفتار خواتین کارکنان صنم جاوید، افشاں طارق، آشیمہ شجاح اور شاہ بانو گورچانی کے علاوہ محمد قاسم، علی حسن، محمد مبین قادری اور سید فیصل اختر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے صنم جاوید اور دیگر ملزمان کی نئے مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کارکنوں کو نو مئی کو کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صنم جاوید سمیت چار خواتین کو رہا ہوتے ہی پنجاب پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس نے پیر کی رات کو عدالتی حکم پر رہا ہونے والی پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان کو کوٹ لکھپت جیل سے دوبارہ گرفتار کیا تھا۔
رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار ہونے والی خواتین میں صنم جاوید، افشاں طارق، آشمیہ شجاع اور شاہ بانو شامل ہیں۔
چاروں خواتین کو تھانہ سرور روڈ میں درج مقدمہ نمبر 109/23 میں گرفتار کیا گیا تھا۔
سنیچر کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی کارکن صنم جاوید سمیت 9 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی تھی۔
جج ارشد جاوید نے ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے صنم جاوید سمیت 9 ملزمان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔
عدالت نے تمام ملزمان کی ایک ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔

شیئر: