Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ثقافت دیکھنے کا موقع‘، نیٹ فلکس پر 14 سعودی فلموں کی نمائش

سعودی فلمیں انٹرنیشنل ریڈ سی فلم فیسٹیول میں بھی دکھائی گئی تھیں۔ فوٹو: اے ایف پی
آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر سعودی فلموں کی نئی کلیکشن کا دوسرا والیم نشر ہونے جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ’نئی سعودی آوازیں‘ کے نام سے یہ والیم 14 فلموں پر مشتمل ہے جو ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی دکھائی گئی تھیں۔
جمعے کو ریلیز ہونے والی اس کلیکشن مین شارٹ فلموں کے علاوہ ڈرامے بھی شامل ہیں جیسے کہ علی سعید کا ’اولڈ فون نمبر‘ اور حسین المتلق کا ’زبرجد‘ جو ایسے کرداروں کی کہانی کے متعلق ہیں جو زندگی میں آگے بڑھنے کے باوجود اپنے ماضی میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
ایوارڈ یافتہ لکھاری فیصل بوحشی کی فلم ’لاسٹ چانس ٹو فال اِن لَو‘ بھی نیٹ فلکس پر دیکھی جا سکے گی جو ایسے شخص کی کہانی پر مبنی ہے جو پچاس سال بعد اپنے پہلی محبت سے ملتا ہے۔
نیٹ فلکس پر دکھائی جانے والی مزید سعودی فلموں میں سوونگ، لکی یو آر مائین،ٹی لیف، فارورڈ اور دیگر شامل ہیں۔
فلم سوونگ دس سالہ لڑکی کے جنگلوں میں سفر کی کہانی ہے جو ایک ایسے جادوئی جھولے کی تلاش میں نکل پڑتی ہے جس کا ذکر اس کے والد کیا کرتے تھے۔
فلم ’لکی یو آر مائین‘ اُن شادی شدہ زندگی کے پہلوؤں پر بات کرتی ہے جن کا عموماً ذکر نہیں کیا جاتا۔
نیٹ فلکس کے ترکی، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے ڈائریکٹر نوحہ الطیب نے کہا ’دوسرا والیم صرف شارٹ فلموں کا مجموعہ نہیں ہے بلکہ اَن کہی کہانیوں کو منایا گیا ہے اور یہ ابھرتے ہوئے فلم سازوں کی تخلیقی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ فلمیں سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے سعودی ثقافت کی خوبصورتی دیکھنے کا موقع فراہم کر رہی ہیں، اچھی کہانیاں دنیا کے کسی بھی کونے سے آ سکتی ہیں اور کوئی بھی انہیں پسند کر سکتا ہے۔

شیئر: