Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم نے گھر کی تلاشی لینی ہے‘، کوئٹہ میں ڈاکو، پولیس اہلکار بن کر سونا اور پیسے لے اُڑے

پولیس کا کہنا ہے کہ ’اگر کسی گھر میں مشکوک افراد آئیں تو فوراً متعلقہ تھانے سے رابطہ کریں (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)
’رات گئے چھت پر کسی کے چلنے کی آواز سن کر اہلیہ نے مجھے نیند سے جگایا۔ میں باہر گیا تو مسلح افراد چھت سے ہمارے گھر کے اندر اُتر رہے تھے، میں بھاگ کر واپس کمرے میں آیا اور دروازے کو اندر سے کُنڈی لگا دی۔‘
حکم خان کے مطابق ’مسلح افراد نے نیچے آکر کہا کہ ہم پولیس والے ہیں گھر کی تلاشی لینی ہے، جب میں نے کمرے کا دروازہ کھولا تو انہوں نے ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر گھر کا صفایا کر دیا۔‘
رکشہ ڈرائیور حکم خان جو کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس الہ آباد کے رہائشی ہیں نے مزید بتایا کہ ’پچھلے دنوں پولیس کے نام پر گھر میں داخل ہونے والے نامعلوم ڈاکوؤں نے انہیں دھوکہ دہی سے لُوٹ لیا۔‘
حکم خان کا کہنا ہے کہ ’ملزمان نے یہ کہہ کر ڈرایا کہ ہمیں خفیہ اطلاع ملی ہے کہ آپ منشیات کا کام کرتے ہیں، لہٰذا ہم نے آپ کے گھر کی تلاشی لینی ہے۔‘
’اس بہانے وہ گھر میں داخل ہوئے اور ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر اُوپر کمبل ڈال دیا۔ اس کے بعد گھر کے تینوں کمروں کی تلاشی لی اور جاتے ہوئے الماریوں سے سونا، چار موبائل اور 50 ہزار روپے نقد ساتھ لے گئے۔‘
کوئٹہ میں اس سے پہلے بھی پولیس بن کر گھروں میں داخل ہونے کی کئی وارداتیں ہو چکی ہیں، جبکہ حال ہی میں ان وارداتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف مہم شروع ہونے کے بعد بعض نوسربازوں کی جانب سے پولیس اہلکار بن کر افغان مہاجرین کو لوٹنے کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔
ان شکایات کے بعد پولیس نے ایک اشتہار جاری کیا ہے جس میں شہریوں کو متعلقہ پولیس تھانوں کا نمبر اپنے پاس محفوظ رکھنے اور ایسی کسی صورت حال میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرکے تصدیق کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ’ڈاکو گھر سے سونے کے زیورات کے علاوہ چار موبائل اور 50 ہزار روپے بھی لے گئے‘ (فائل فوٹو: آئی سٹاک)

کوئٹہ کے تھانہ منظور شہید کے ایس ایچ او محمد شفیق نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ملزمان نے پولیس کی وردی نہیں پہن رکھی تھی، تاہم انہوں نے پولیس کا نام استعمال کیا۔ متاثرہ شخص کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس طرح شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کچھ شکایات سامنے آئی ہیں، اس لیے پولیس نے اشتہار جاری کرکے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔‘
پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ آج کل جرائم پیشہ افراد فورسز کے نام پر گھروں میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر کسی گھر میں مشکوک افراد آئیں تو فوری طور پر متعلقہ تھانے سے رابطہ کریں۔
’اس کے علاوہ شہریوں کو رات 12 بجے کے بعد غیر ضروری طور پر باہر تھڑوں اور ہوٹلوں پر بیٹھنے سے اجتناب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔‘

شیئر: