Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے نیشنل انویسٹمنٹ کمپنی قائم

مائیکل مولر کو انویسٹمنٹ کمپنی کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ (فوٹو المدینہ اخبار)
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نیشنل انویسٹمنٹ کمپنی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق منگل کو سعودی انویسٹمنٹ فنڈ نے ’تسارع موبیلٹی انویسٹمنٹ‘ کے نام سے نئی کمپنی کا اعلان کیا جو سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ اور گاڑیوں کے سیکٹر کی سپلائی کے  سلسلے میں مقامی ڈھانچہ اور افرادی قوت تیار کرے گی۔ 
تسارع موبیلٹی انویسٹمنٹ کمپنی سعودی اور بین الاقوامی پرائیویٹ کمپنیوں کے ساتھ سٹراٹیجک سرمایہ کاری اور شراکتی عمل کی قیادت کرے گی۔ 
مائیکل مولر کو ’تسارع موبیلٹی انویسٹمنٹ کمپنی‘ کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں گاڑیوں کی صنعت میں پچیس برس سے  زیادہ کا تجربہ ہے۔
مولر برطانیہ میں ووکس ویگن گروپ، پورشے گروپ، مشرقی اور وسطیٰ یورپ میں ایسی ہی بڑی کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
تسارع کمپنی کا مقصد اندرون ملک صنعتی تجربات اور ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کے ذریعے طویل المیعاد منصوبوں کے ذریعے آمدنی حاصل کرنا اور شعبے کو فروغ دینا ہے۔ 
نئے سسٹم سے مملکت میں خودکار گاڑیوں اور الیکٹرانک کاروں کے شعبے کو فروغ  ملے گا۔ 
’تسارع موبیلٹی انویسٹمنٹ کمپنی‘ کا قیام سعودی عرب میں گاڑیوں کے شعبے کی استعداد بڑھانا ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس شعبے میں سعودی عرب کی مسابقت کی پوزیشن مضبوط بنانے کے علاوہ یہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی حکمت عملی کے عین مطابق ہے۔ 
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے مذکورہ پروگرام میں مستقبل کے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خصوصی  سرمایہ کار شامل ہیں۔
اس حوالے سے ’سیر‘ کمپنی میں سرمایہ کاری ہوگی جو فاکسکون کمپنی کی شراکت سے الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والا پہلا تجارتی برانڈ ہے۔ علاوہ ازیں لوسیڈ کمپنی میں سرمایہ کاری بھی اس کا ایک حصہ ہے جس کا ہیڈکوارٹر امریکہ میں ہے اور اس نے 27 ستمبر کو کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں الیکٹرانک گاڑیاں تیار کرنے والی اپنی پہلی بین الاقوامی فیکٹری کھولی ہے۔
پروگرام کے مطابق ’تسارع موبیلٹی انویسٹمنٹ کمپنی‘ الزامل رئیل سٹیٹ گروپ، عبداللہ ابراہیم الخریف کمپنی اور مشاریع دارالھمہ کمپنی کے ساتھ مشترکہ منصوبے سے کاروبار کا آغاز کرے گی۔
اس کا مقصد کنگ عبداللہ  اکنامک سٹی میں جدید طرز کا لاجسٹک سینٹر قائم کرنا ہے۔ یہ سینٹر گاڑیوں کے پرزوں کی تیاری سے متعلق سہولیات فراہم کرے گا۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: