Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرینہ کپور نے بالی وڈ کے ’خانز‘ کی عادات میں فرق بتا دیا

کترینہ کپور سمجھتی ہیں کہ شاہ رخ خان سنیما کے بھی شاہ ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی بیبو کرینہ کپور نے سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کی عادات اور طبیعت کے بارے میں بڑا انکشاف کیا ہے۔
کرینہ کپور نے سلمان خان کے  بارے میں بتایا کہ وہ اپنی شخصیت پر بہت بھروسہ کرتے ہیں، شاہ رخ خان سنیما کے شاہ ہیں جبکہ عامر خان کو اپنے کام سے جنون ہو جاتا ہے اور وہ صرف اُسی کے بارے میں سوچتے ہیں۔
ویب سائٹ کُوئی مُوئی کے مطابق کرینہ کپور نے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ’سلمان خان ہمیشہ اپنی شخصیت پر بھروسہ کرتے ہیں جیسے کے اُن کی شخصیت ہے اور اُن کا سپر ڈُوپر سٹارڈم ہے۔‘
’عامر خان اپنے کام پر بہت توجہ دیتے ہیں۔ وہ بالکل فلم کا کردار بن جاتے ہیں۔ انہیں اپنے کام سے جنون ہو جاتا ہے اور وہ صرف اپنے کام کے بارے میں سوچتے ہیں۔‘
بالی وُڈ بیبو نے اپنے انٹرویو میں شاہ رخ خان کی باکس آفس پر مسلسل کامیابیوں کے بارے میں کہا کہ ’وہ صحیح معنوں میں سنیما کے شاہ ہیں۔‘
’وہ فاتح ہیں، وہ بادشاہ ہیں۔ شاہ رخ خان کے بارے میں لوگ جتنی بھی تعریفیں کر رہے ہیں میرے خیال سے وہ ابھی بھی کم ہیں۔‘
کرینہ کپور شاہ رخ خان کے ساتھ ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’راون‘ اور ’ڈان‘ جیسی مشہور فلموں میں کام کر چکی ہیں جبکہ سلمان خان کے ساتھ انہوں نے ’باڈی گارڈ‘، ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’کیونکہ‘ جیسی فلموں کام کر رکھا ہے۔
اسی طرح عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور ’تھری ایڈیٹس‘، ’لال سنگھ چڈھا‘ اور ’تلاش‘ جیسی فلموں میں بڑے پردے پر نظر آچکی ہیں۔
کرینہ کپور نے اسی انٹرویو میں اپنے شوہر سیف علی خان کو ’بہترین فنکاروں میں سے ایک‘ کا درجہ دیا۔
خیال رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ساتھ ’ٹشن‘ اور ’قربان‘ جیسی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

شیئر: