Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا انڈیا سے آنے والی انجو پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کر رہی ہیں؟

نصراللہ کے مطابق وہ میچ ٹی وی یا سکرین پر نہیں بلکہ موبائل پر دیکھتے ہیں۔ (فوٹو: نصراللہ)
انڈیا سے پاکستان آنے والی انجو اِن دنوں اپنے شوہر نصراللہ کے ساتھ گھر پر موجود ہیں۔ اب تک انہوں نے خیبر پختونخوا کے کئی سیاحتی مقامات سمیت دیگر خوبصورت علاقوں کی سیر کی ہے۔
لوگ آج بھی نصراللہ کے گھر آتے ہیں اور انجو سے ملاقات کرتے ہی‍ں۔ دونوں سوشل میڈیا پر بھی ویڈیوز اور تصاویر جاری کرتے ہیں۔
آج اتوار کو پاکستان اور انڈیا کا میچ انجو اور نصراللہ ایک ساتھ اپنے گھر میں دیکھیں گے۔
انجو نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پہلے تو کرکٹ کا شوق نہیں تھا لیکن پاکستان آنے کے بعد اُن کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔
میچ کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر نصراللہ کے ساتھ گھر پر ہی میچ دیکھیں گی۔
’یہاں آنے کے بعد جب بھی وقت ملتا ہے اور پاکستان کا میچ ہوتا ہے تو ہم دونوں ساتھ ہی دیکھتے ہیں۔‘
انجو نے بتایا کہ ’وہ انڈیا میں میچز نہیں دیکھتی تھیں یہ پہلی بار ہے کہ میں نے کرکٹ میچز دیکھنا شروع کیے ہیں۔ کسی کے جیتنے یا ہارنے میں بھی کوئی دلچسپی نہیں تھی لیکن یہاں لوگ میچز بہت زیادہ دیکھتے ہیں تو میری بھی دلچسپی بڑھنا شروع ہوئی اور اب خواہش ہوتی ہے کہ پاکستان ہی جیتے۔‘
پاکستان اور انڈیا کی ٹیم میں انہوں نے پاکستان کو چُنا اور بتایا کہ اُن کو شاہین شاہ آفریدی زیادہ اچھے لگتے ہیں۔
’پہلے مجھے کسی پاکستانی کھلاڑی کا نام نہیں آتا تھا لیکن اب میں میچ دیکھتی ہوں اور مجھے شاہین شاہ آفریدی پسند ہیں اور 14 اکتوبر کے میچ میں پاکستان کو ہی سپورٹ کروں گی۔‘

انجو اور نصراللہ کے پسندیدہ کھلاڑی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

نصر اللہ نے کا کہنا ہے کہ ’میں نے جب بھی پوچھا ہے تو انجو نے پاکستان کا نام ہی لیا ہے اور وہ پاکستان کو ہی سپورٹ کرتی ہیں۔ ہم دونوں کی ٹیم پاکستان اور پسندیدہ کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی ہیں۔‘
انجو نے انڈیا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ استقبال اور وہاں شائقین کرکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ دیکھیں انڈیا میں بھی بہت سارے لوگ پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ جس طرح ان کا استقبال کیا گیا اور پھر جس طرح لوگ پاکستانی کرکٹرز کو سپورٹ کر رہے ہیں تو یہ وہاں بھی ہو رہا ہے۔ میری پسند کوئی نئی بات نہیں۔‘
انہوں نے اسی حوالے سے مزید بتایا کہ جب حیدرآباد میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی پہنچے تو لوگوں نے ایک الگ انداز میں اُن کو سپورٹ کیا۔ ’ابھی ہماری ٹیم وہاں گئی ہے تو سب کو پتہ چل رہا ہے کہ وہاں بھی ہمارے پاکستانی کھلاڑیوں کو پسند کیا جا رہا ہے۔ کئی لوگ اپنے پسندیدہ پاکستانی کھلاڑیوں سے ملنے بھی آ رہے ہیں۔‘
نصراللہ نے بتایا کہ وہ میچ ٹی وی یا سکرین پر نہیں دیکھتے۔ ’ہم دونوں ایک ساتھ اپنے موبائل پر ہی میچ دیکھتے ہیں اور کل بھی ایک ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھیں گے۔‘

نصراللہ  نے کہا کہ جب سے انجو پاکستان آئی ہیں تب سے وہ پاکستان کو سپورٹ کرتی ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)

انجو کے مطابق ’پہلے تو ایسا تھا کہ جب میں نے میچز دیکھنا شروع کیے تو نصراللہ کو کہا تُم انڈیا کی ٹیم کو سپورٹ کرو میں پاکستان کے ساتھ ہوتی ہوں۔ اس طرح میں نے انڈین ٹیم کے کھلاڑیوِں کے نام اِن کو بتائے اور یہ مجھے پاکستانی ٹیم کے نام بتاتے رہے۔ اس بار دونوں ایک ہی ٹیم یعنی پاکستان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔‘
انجو اور نصر اللہ آج کے میچ میں پاکستان کو فاتح دیکھنا چاہتے ہیں اور جیت پر جشن بھی منائیں گے۔

شیئر: