Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل بن فرحان کا جرمنی اور جاپانی وزرائے خارجہ سے رابطہ

فوری جنگ بندی سے متعلق عالمی برادری کے کردار کی اہمیت پر بات چیت کی( فوٹو: اے پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو جرمنی اور جاپانی ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطے کے دوران غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل  بن فرحان نے جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ غزہ اور اس کے گردو نواح میں ہونے والی تبدیلیوں،  نئی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’تمام متحارب فریقوں کو بین الاقوامی انسانی قانون کی پابندی کرنا ہوگی۔ اس میں کسی بھی طرح سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں‘۔ 
سعودی اور جرمن وزرائے خارجہ نے فوری جنگ بندی سے متعلق  بین الاقوامی برادری کے کردار کی اہمیت پر بات چیت کی۔
فریقین نے مسئلہ فلسطین کے جامع مبنی بر انصاف حل تک رسائی اس حوالے سے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پابندی کرانے اور غزہ پٹی کے باشندوں تک امدادی اور طبی سامان پہنچانے سے متعلق فوری حل کے بارے میں بین الاقوامی برادری کی ذمہ داریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے رابطے کے دوران جاپانی ہم منصب پر زور دیا کہ’ وہ سلامتی کونسل کے  غیر مستقل ممبر کی حیثیت سے عالمی امن و سلامتی کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔ عسکری حملے فورا بند کرانے اور غزہ پٹی کی ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے اپنا فرض پورا کریں‘۔ 
انہوں نے مزید کہا ’ مسئلہ فلسطین سے متعلق سلامتی کونسل کی تمام قراردادوں پر عمل درآمد ضروری ہے تاکہفلسطینی عوام کی امنگیں پوری کرنے کے لیے مسئلہ فلسطین کا پائیدار،جامع اور مبنی  بر انصاف حل نکالا جاسکے‘۔ 

شیئر: