Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی مجموعی رقم میں ریکارڈ اضافہ، چھ ارب ڈالر جمع

ترسیلات زر قومی خزانے کو مستحکم کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ (فائل فوٹو)
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے ستمبر 2023 میں بھیجی گئی رقم چھ ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی مجموعی رقم میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ستمبر 2023 میں 139 ملین ڈالر کی رقم پاکستان بھیجی گئی۔ اس نئے اضافے کے بعد رواں سال میں اب تک چھ اعشاریہ 756 ارب ڈالر پاکستان منتقل ہوئے۔ ستمبر 2023 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا بیلنس 429 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن اکاؤنٹس کھولنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
ترسیلات زر قومی خزانے کو مستحکم کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ مرکزی بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بھیجتے ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر میں ورکرز ترسیلات دو ارب 20 کروڑ ڈالرز رہیں اور یہ ترسیلات اگست کے مقابلے 11 اعشاریہ 18 کروڑ ڈالرز سے زیادہ ہیں۔
 ستمبر 2023 میں سعودی عرب سے 53 اعشاریہ آٹھ کروڑ ڈالرز اور متحدہ عرب امارات سے 39 اعشاریہ 98 کروڑ ڈالرز کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کیا ہے؟

حکومت پاکستان کی جانب اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں قانونی طریقے سے پیسے بھیجنے اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا منصوبہ متعارف کروایا گیا تھا۔
اس منصوبے کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی بآسانی آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے اپنے ملک میں ناصرف اپنا بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں بلکہ سرمایہ کاری بھی کر سکتے ہیں۔ اس نظام کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو بینک جانے تک کی ضرورت نہیں پڑتی۔

سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر میں ورکرز ترسیلات دو ارب 20 کروڑ ڈالرز رہیں۔ (اے ایف پی)

منصوبے کا آغاز کب ہوا؟

پاکستان میں کام کرنے والے کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر سٹیٹ بینک نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں سمتبر 2020 میں اس منصوبے کو شروع کیا تھا۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی تھی کہ وہ اس کے ذریعے اپنے ملک میں بینکنگ چینل کے ذریعے بآسانی پیسے بھیج سکیں اور ملک میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ اس سکیم سے لاکھوں اوورسیز پاکستانی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ جدید بینکنگ چینل ہے جس سے نان ریزیڈنٹ پاکستانی اور پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) کے حامل افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

اوورسیز پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے کیا کیا سہولیات حاصل کر سکتے ہیں؟

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ رکھنے والے اوورسیز پاکستانی رقم کی منتقلی، بلوں اور فیسوں کی ادائیگیوں اور ای کامرس سمیت تمام سروسز حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ’روشن اپنی کار‘ کے ذریعے بیرون ملک مقیم افراد پاکستان میں اپنے پیاروں کے لیے پرکشش نرخوں پر اپنی پسند کی کار بھی خرید سکتے ہیں۔ پاکستان میں ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔
’روشن سماجی خدمات‘ کے ذریعے آسان ادائیگی کے ایک پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں خیرات اور عطیات بھی بھیج سکتے ہیں۔ ڈیجیٹل روشن اکاؤنٹ رکھنے والے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں شیئر اور فنڈز کے یونٹس میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ میوچل فنڈز اوپن اینڈڈ سکیموں میں بھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔

شیئر: