Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کے خلاف دھواں دار بیٹنگ، ’ایم ایس دھونی ہمیشہ فخر زمان کو کھلاتے‘

فخر زمان نے بنگلہ دیش کے خلاف 74 گیندوں پر 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں انہوں نے سات چھکے اور تین چوکے لگائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
منگل کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کی جانب سے 205 رنز کا ہدف بآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر 32.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔
اس میچ کی خاص بات جہاں پاکستانی بولروں کی عمدہ بولنگ تھی وہیں گرین شرٹس کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے بھی ٹیم میں اپنی شاندار واپسی کر کے سب کے دل جیت لیے ہیں۔
فخر زمان نے بنگلہ دیش کے خلاف 74 گیندوں پر 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں انہوں نے سات چھکے اور تین چوکے لگائے۔
یہ ورلڈ کپ میں بائیں ہاتھ کے اوپنر کا دوسرا میچ تھا۔ اس سے پہلے انہیں نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں کھلایا گیا تھا جس میں انہوں نے 12 رنز بنائے تھے۔
نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے بعد انہیں بری فارم اور خراب فٹنس کے باعث ٹیم سے مسلسل ڈراپ کیا جاتا رہا تاہم امام الحق کی بُری فارم کے بعد انہیں بنگلہ دیش کے خلاف موقع دیا گیا جس کا انہوں نے خوب فائدہ اُٹھایا۔
 
فخر زمان کی اس اننگز کے بعد جہاں اُن کی خوب تعریف کی جا رہی ہے وہیں میچ میں موجود ٹی وی کمنٹیٹر اور سابق آسٹریلوی آل راؤںڈر شین واٹسن نے کہا کہ ’میں ایک ایسے کپتان کو جانتا ہوں، جسے اپنے میچ ونز پر بھروسہ ہوتا۔ وہ اُنہیں کھلاتا رہتا کیونکہ اُسے اس بات کا علم ہوتا کہ یہ اچھا کھیلیں گے۔ وہ کپتان ایم ایس دھونی ہیں۔‘
اس کے جواب میں سابق انڈین کرکٹر اور ٹی وی کمنٹیٹر روی شاستری کہتے ہیں کہ ’جی ہاں، وہ (ایم ایس دھونی) ہمیشہ فخر زمان کو کھلاتے۔ یہ بات بالکل ٹھیک ہے۔‘
فخر زمان کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر روحا ندیم لکھتی ہیں کہ ’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جب بھی فخر زمان اچھی بیٹنگ کرتے ہیں تو پاکستان بالکل مختلف ٹیم لگتی ہے۔‘
 
ایکس ہینڈل سپورٹس 360 ڈگری نے لکھا کہ ’فخر زمان کی سٹائل میں واپسی، اس بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہے۔‘
 
عبداللہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’کھیل میں واپسی اور اپنے سٹائل میں بھی واپسی، فخر زمان میچ ونر ہیں۔‘
 

 

شیئر: