Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ خالد بن سلمان کی واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ اور دفاع سے ملاقات

ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی (فوٹو: آفیشل ایک اکاونٹ)
سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے بدھ کو واشنگٹن میں وزارت خارجہ کے ہیڈکوارٹر میں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز نے ایس پی ے کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان قریبی سٹریٹجک تعلقات اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
غزہ میں جاری اسرائیل، حماس تنازع کے درمیان مشرق وسطی میں کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے دو دوست ملکوں کے درمیان تعاون کے ان پہلووں پر بھی تبادلہ خیال کیا جو علاقائی و بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کی سپورٹ کے مشترکہ وژن کے حصول میں معاون ہیں۔
قبل ازیں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے بدھ کو واشنگٹن میں امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن سے ملاقات کی۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور امریکہ کے وزرائے دفاع نے سرکاری مذاکرات کیے۔
 سعودی امریکی تاریخی دوستی کے تعلقات کا جائزہ لیا۔عسکری اور دفاعی شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان سٹراٹیجک شراکت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں عالمی امن و سلامتی کے قیام میں دونوں ملکوں کے علاقائی و بین الاقوامی قائدانہ کردار کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ 
 وزرائے دفاع  نے علاقائی و بین الاقوامی حالات  اور دونوں ملکوں کے مشترکہ تصور کے مطابق اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ 
 قبل ازیں پینٹاگون پہنچنے پر سعودی وزیر دفاع کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ 
شہزادہ خالد بن سلمان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ 
اس موقع پر امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر، سعودی افواج کے چیف آف سٹاف جنرل فیاض الرویلی، معاون وزیر دفاع ڈاکٹر خالد البیاری، وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ھشام سیف، واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے میں آرمی اتاشی بریگیڈیئر سلمان الحربی موجود تھے۔ 
امریکہ کی جانب سے جوائنٹ سٹاف کے سربراہ جنرل چارلس براؤن، وزیر دفاع کے سینیئر عسکری معاون رونالڈ کلارک، معاون وزیر دفاع برائے پالیسی برائن اور وزیر دفاع کی ڈائریکٹر اور مملکت میں امریکی سفارتخانے کے آرمی اتاشی شریک ہوئے۔ 
شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنے آفیشنل ایکس اکاونٹ پر لکھا ’ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے پائیدار تعلقات اور مضبوط دفاعی شراکت داری کا جائزہ لیا گیا‘۔
ہم نے علاقائی امن کے لیے اپنی مشترکہ کوشوں، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنے مشرکہ وژن پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی بات چیت کی۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان واشنگٹن کے سرکاری دورے پر ہیں۔

شیئر: