Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ جنگ میں 31 صحافی اور میڈیا کارکن ہلاک ہوئے، سی پی جے

ہلاک ہونے والے صحافیوں میں 26 فلسطینی، چار اسرائیلی اور ایک لبنانی شامل ہے۔ فوٹو اے ایف پی
صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی (سی پی جے) کی ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں اکتوبر کے آخر تک 31 صحافی اور میڈیا کارکن ہلاک ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ کمیٹی غزہ جنگ میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے علاوہ حراست میں لیے گئے یا لاپتہ صحافیوں کی تمام رپورٹس کی چھان بین بھی کر رہی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی نے بتایا ہے کہ غزہ جنگ نے صحافیوں اور میڈیا کے دیگر عملے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
سی پی جے کے مطابق جن صحافیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے ان میں 26 فلسطینی، چار اسرائیلی اور ایک لبنانی ہے۔ ان کے علاوہ  آٹھ میڈیا کارکن زخمی اور نو  افراد لاپتہ یا زیرحراست ہیں۔
صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی کے مشرق وسطٰی و شمالی افریقہ (مینا) کے پروگرام کوآرڈینیٹر شریف منصور نے کہا ہے کہ بحران کے دوران اہم خدمات انجام دینے والے صحافیوں یا عام شہریوں کو متحارب فریقوں کی جانب سے ہدف نہیں بنایا جانا چاہیے۔
شریف منصور نے بتایا کہ رپورٹرز کی ہلاکت یا زخمی ہونے، لاپتہ ہونے، حراست میں لینے کے علاوہ میڈیا دفاتر یا صحافیوں کے گھروں کو نقصان پہنچانے کی غیر مصدقہ اطلاعات کی بھی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

 آٹھ میڈیا کارکن زخمی اور 9  افراد لاپتہ یا زیرحراست ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

جنگ زدہ علاقے میں موجود صحافی دل دہلا دینے والے واقعات کی کوریج کرنے کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں اور انہیں شدید خطرات کا سامنا ہے۔
اسرائیلی فورسز نے نیوز ایجنسیوں روئٹرز اور اے ایف پی کو بتایا کہ وہ غزہ کی پٹی میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کے تحفظ کی ضمانت نہیں دے سکتے جو جنگ کے آغاز سے اسرائیلی بمباری اور محاصرے کی زد میں ہیں۔

اسرائیلی فورسز کا کہنا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کی ضمانت نہیں دے سکتے۔ فوٹو عرب نیوز

اسرائیلی فورسز نے مزید کہا کہ غزہ میں حماس کے تمام ٹھکانوں اور سرگرمیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ان حالات میں نیوز ایجنسیز کے ملازمین کی حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتے، تمام ضروری حفاظتی اقدامات خود کریں۔

شیئر: