Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل (ر) فیض حمید پھر خبروں میں، اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام

درخواست میں عدالت عظمٰی کو بتایا گیا کہ فیض حمید کے بھائی سردار نجف نے بعد ازاں اس معاملے کی ثالثی اور مسئلہ حل کرنے کی کوشش بھی کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ایک مرتبہ پھر خبروں میں ہیں۔ 
اس مرتبہ ان کا نام سپریم کورٹ میں گردش کر رہا ہے جہاں پہلے فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کے دوران ان کا کردار زیر بحث آیا اور بعد میں ایک کاروباری شخص کی طرف سے ان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور ان کے گھر اور دفتر میں چھاپے کے دوران قیمتی اشیا غائب کروانے کا الزام لگایا گیا۔ 
رواں ہفتے پاکستان کی عدالت عظمٰی کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس امین الدین اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل بینچ نے ایک نجی  ہاؤسنگ سکیم کے مالک معز احمد خان کی جانب سے دائر ایک درخواست پر سماعت کی۔ 
اس درخواست میں کہا گیا تھا کہ 12 مئی 2017 کو پاکستان رینجرز اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے اہلکاروں نے دہشت گردی کے ایک مبینہ کیس کے سلسلے میں مذکورہ ہاوسنگ سکیم کے دفتر اور معز خان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر سونے اور ہیروں کے زیورات اور رقم سمیت قیمتی سامان لوٹ لیا تھا۔ 
درخواست میں  عدالت عظمٰی کو بتایا گیا کہ فیض حمید کے بھائی سردار نجف نے بعد ازاں اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کیا اور مسئلہ حل کرنے کی کوشش بھی کی اور درخواست گزار کے خلاف قائم کیے گیے مقدمے میں عدالت سے بری ہو جانے کے بعد ان کے ایک رشتہ دار، جو پاکستان فوج میں بریگیڈیئر ہیں، سے ملاقات کرنے کے لیے رابطہ کیا۔ 
سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ ملاقات کے دوران جنرل (ر) فیض حمید نے درخواست گزار کو کہا کہ وہ چھاپے کے دوران چھینا گیا 400 تولہ سونا اور نقدی کے سوا کچھ چیزیں واپس کردیں گے۔ 
سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کے بعد درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف شکایت کے لیے وزارت دفاع اور دیگر متعلقہ فورمز سے رابطہ کریں۔ 

فیض حمید ماضی میں اس وقت بھی خبروں میں آئے جب وہ کابل کے ایک ہوٹل میں چائے پیتے دیکھے گئے تھے (فوٹو: شینہوا نیوز)

سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت کے بعد فیض حمید کے خاندان کی طرف سے اسلام آباد کے کچھ صحافیوں سے رابطہ کر کے اپنا موقف بھی پیش کیا گیا ہے اور مقامی میڈیا کے کچھ حصوں نے ان ذرائع سے منسوب کردہ بیانات کی بنیاد پر ان الزامات کی تردید کی ہے۔ 
تاہم یہ واحد واقعہ نہیں ہے جس میں فیض حمید پر الزامات عائد ہو رہے ہیں اور ان کا نام زیر بحث آیا ہے۔ 
پاکستانی میڈیا کے کچھ حلقوں میں ان کا نام فرحت شہزادی سے بھی جوڑا گیا ہے جن پر عمران خان اور سابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزادر کے ساتھ تعلق کی بنیاد پر بد عنوانی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ 
فیض حمید ماضی میں اس وقت بھی بین الااقوامی خبروں میں آئے تھے جب وہ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد وہاں ایک ہوٹل میں چائے پیتے دیکھے گئے تھے۔ 
وہ آئی ایس آئی کے پہلے سابق سربراہ نہیں ہیں جو خبروں میں آئے ہوں۔ اس سے پہلے جنرل ریٹائرڈ حمید گل اور شجاع پاشا پر بھی الزامات لگتے رہے ہیں۔

شیئر: