Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: ترسیل زر کی انتہائی حد بڑھا کر 50 ہزار درہم کردی گئی

حالیہ ایام میں آن لائن ترسیل زر میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک کی جانب سے ترسیل زر کی انتہائی حد 25 ہزار سے بڑھا کر پچاس ہزار کردیے جانے کے فیصلے  پر مقامی بینکوں نے عمل درآمد شروع کردیا۔ 
الامارات الیوم کے مطابق اماراتی بینکوں کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ  بعض بینکوں نے پچاس ہزار درہم کی انتہائی حد پر مکمل طور پر عمل درآمد شروع کردیا ہے جبکہ بعض بینک اس پر مرحلہ وار عمل  کررہے ہیں۔ 
کھاتے دار ایک دن میں ایک سے زیادہ بار فوری ترسیل زر کرسکیں گے بشرطیکہ  مجموعی رقم پچاس ہزار درہم سے زیادہ نہ ہو۔ 
امارات کے بیشتر بینکوں نے ترسیل زر کی انتہائی حد پچاس ہزار درہم کیے جانے پر فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔ نصف سے ایک درہم فیس پہلے بھی تھی اور اب بھی ہے جبکہ کئی بینکوں نے فیس ڈیڑھ درہم کردی ہے۔ 
بعض بینکوں نے آن لائن ترسیل زر کی حوصلہ افزائی کے لیے اضافی فیس صارفین سے وصول نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
اماراتی بینکوں  کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ ایام کے دوران آن لائن ترسیل زر میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ 
بینک عہدیدار نے بتایا  کہ بینکوں کی سمارٹ ایپس کے ذریعے ترسیل زر چوبیس گھنٹے میں کسی بھی وقت کی جاسکتی ہے یہ سسٹم محفوظ اور تیزی سے عمل درآمد بھی ہوتا ہے اس کی فیس بھی دیگر ذرائع کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔ 
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: