Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اپنی ڈیپ فیک تصاویر دیکھی ہیں،‘ سارا تندولکر سوشل میڈیا پر برہم

گذشتہ کئی مہینوں سے سارا تندولکر کی انڈین اوپننگ بیٹسمین شبھمن گِل سے دوستی کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔ (فوٹو: سارا تندولکر/انسٹاگرام)
انڈیا کے سابق لیجنڈ کرکٹر سچن تندولکر کی صاحبزادی سارا تندولکر نے’ایکس‘ (ٹوئٹر) پر اپنا اکاؤنٹ ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود ہی نہیں۔
بدھ کو انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی ایک سٹوری میں سارا تندولکر کا کہنا تھا ’میں نے (سوشل میڈیا پر) اپنی کوئی ڈیپ فیک تصاویر دیکھی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔‘
سابق انڈین کرکٹر کی صاحبزادی نے مزید لکھا کہ ’سوشل میڈیا ہم سب کے لیے ایک بہترین جگہ ہے جہاں ہم اپنی خوشیاں، دکھ اور روز مرہ کی سرگرمیاں سرگرمیاں شیئر کرتے ہیں۔ لیکن یہ دیکھ کر افسوس بھی ہوتا ہے کہ اس کا غلط استعمال بھی ہوتا ہے اور اس سے سوشل میڈیا کی سچائی کہیں دور رہ جاتی ہے۔‘
سارا تندولکر نے سوشل میڈیا پر اُن کو فالو کرنے والوں کو بتایا کہ ’ایکس (ٹوئٹر) پر میرے کچھ جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں جس کا مقصد لوگوں کو گمراہ کرنا ہے۔ میرا کوئی ایکس اکاؤنٹ نہیں اور مجھے امید ہے کہ ایکس اس پر توجہ دے گا اور ایسے اکاؤنٹس کو معطل کرے گا۔‘
خیال رہے 26 برس کی سارا تندولکر سابق انڈین کرکٹر سچن تندولکر کی بڑی صاحبزادی ہیں جن کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 58 لاکھ سے زائد ہے۔

سارا تندولکر اکثر انڈین میڈیا میں خبروں میں رہتی ہیں جس کی وجہ اُن کا اکثر اوقات انڈین ٹیم کے میچوں کے دوران سٹیڈیم میں موجود ہونا ہے۔ گذشتہ کئی مہینوں سے اُن کی موجودہ انڈین اوپننگ بیٹسمین شبھمن گِل سے دوستی کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں لیکن دونوں کی طرف سے ان افواہوں پر تاحال کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے سچن تندولکر کے بچے سارا تندولکر اور ارجُن تندولکر ہیں۔ ارجُن تندولکر اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم ممبئی انڈینز کا حصہ ہیں۔

شیئر: