Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی: نشہ خریدنے کے لیے والدین نے 74 ہزار روپے میں بچے فروخت کر دیے

ممبئی کرائم برانچ نے میاں بیوی سمیت تین افراد کو گرفتار کیا۔ (فائل فوٹو: مڈ ڈے)
ممبئی میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں نشہ خریدنے کے لیے والدین نے اپنے دو بچے 74 ہزار روپے میں فروخت کر دیے ہیں۔
ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) کے مطابق ممبئی کرائم برانچ نے جمعے کو اندھیری کے علاقے میں میاں بیوی سمیت تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نشہ خریدنے کے لیے اپنے بچے فروخت کیے ہیں۔
اس دوران پولیس نے ایک ماہ کی بچی کو بھی ریسکیو کیا ہے جبکہ دو سال کے بچے کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
کرائم برانچ نے شبیر اور ثانیہ خان نامی جوڑے اور شکیل مکرانی سمیت اُوشا راٹھور نامی ایجنٹ کو گرفتار کیا جس نے بچوں کی فروخت کے لیے کمیشن لیا تھا۔
ممبئی کرائم برانچ کے اہلکار دایا نائیک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’اندھیری (ممبئی کا علاقہ) میں نشے کی لت کے شکار ایک جوڑے نے اپنے دو بچے نشہ خریدنے کی غرض سے فروخت کر دیے ہیں۔ جیسے ہی جوڑے کے گھر والوں کو اس بارے میں پتا چلا تو بات گھر سے باہر نکلی۔ پولیس نے والدین اور دو باقی ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزمان نے لڑکے کو 60 ہزار روپے اور ایک ماہ کی بچی کو 14 ہزار روپے میں فروخت کیا۔‘
کرائم برانچ نے مزید بتایا کہ ’یہ لوگ نشے کے بغیر نہیں رہ پا رہے تھے اور اسی دوران راٹھور نامی ملزمہ کا ان سے رابطہ ہوا۔ جن افراد کو میاں بیوی نے اپنا بیٹا فروخت کیا ہے اُن کی ابھی تک شناخت سامنے نہیں آ سکی جبکہ بیٹی کو انہوں نے 14 ہزار روپے میں شکیل مکرانی نامی شخص کو فروخت کیا ہے۔
جب مرکزی ملزم شبیر کی بہن روبینہ کو اس بارے میں علم ہوا تو انہوں نے ڈی این نگر پولیس سٹیشن میں اپنے بھائی اور بھابھی کے خلاف درخواست درج کروائی جس کے بعد یہ مقدمہ کرائم برانچ کے حوالے کیا گیا۔

شیئر: