Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سامان لوڈ کرنے کی ویڈیو: شاہین شاہ آفریدی نے وجہ بتا دی

سڈنی ایئر پورٹ پر کرکٹ ٹیم کے اپنا سامان لوڈ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ فوٹو: ویڈیو گریب
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا پر ٹیم سے متعلق وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وقت کی کمی کی وجہ سے وہ ایک دوسرے کی مدد کر رہے تھے۔
میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے چند کھلاڑیوں کو سڈنی ایئرپورٹ پر اپنا سامان لوڈ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا جس پر صارفین کی جانب سے کرکٹ بورڈ پر بھی تنقید کی گئی کہ ٹیم کو سپورٹ نہیں فراہم کی گئی اور انہیں اپنا سامان خود ہی اتارنا پڑ رہا ہے۔
اتوار کو آسٹریلیا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائرل ویڈیو پر سوال کے جواب میں شاہین آفریدی نے بتایا کہ ’کھلاڑیوں نے وقت کی کمی کی وجہ سے ایک دوسرے کی مدد کی، کیونکہ ان کے پاس اپنی کنیکٹنگ فلائٹ پکڑنے کے لیے محض 30 منٹ تھے۔‘
’ہمارے پاس اپنی اگلی فلائٹ پکڑنے کے لیے صرف 30 منٹ تھے اور ہم نے ایک دوسرے کی مدد کی کیونکہ اس وقت وہاں صرف دو لوگ موجود تھے۔ ہم اپنا سامان تیزی سے سمیٹنا چاہتے تھے اور وقت بچانا چاہتے تھے‘۔ 
آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر کو پرتھ میں شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے کہا کہ ’یہ پاکستان کے لیے ایک اہم سیریز ہے کیونکہ ہم اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر لیڈ کر رہے ہیں۔‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم حال ہی میں اعلان کردہ آسٹریلیا کے 14 رکنی سکواڈ کے خلاف پہلے بھی کھیل چکے ہیں اور ہم اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔‘
کینبرا کے مانوکا اوول میں 6 دسمبر سے شروع ہونے والے چار روزہ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کا مقابلہ کرے گی۔ 

شیئر: