Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ٹی وی شو سی آئی ڈی کے ’فریڈرکس‘ چل بسے

دنیش فڈنس کی موت ایجسم کے کلیدی اعضا کے غیرفعال ہونے کی وجہ سے ہوئی (فوٹو: سونی ٹی وی)
انڈین ٹیلی ویژن کے مشہور شو سی آئی ڈی میں فریڈرکس کا کردار ادا کرنے والے اداکار دنیش فڈنس 57 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔  
انڈین ایکسپریس کے مطابق شو میں دیا کا کردار ادا کرنے والے ان کے سی آئی ڈی کے ساتھی اداکار دیانند شیٹی نے ان کی موت کی خبر کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیش نے صبح 12 بج کر تین منٹ پر آخری سانس لی۔ اداکار ممبئی کے ٹنگا ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ 
دنیش فڈنس کی موت ’ملٹی پل آرگن فیلیئر‘ یعنی جسم کے کلیدی اعضا کے غیرفعال ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ دیانند شیٹی نے میڈیا کو بتایا کہ ’دنیش کو بہت سی پیچیدگیاں تھیں اور انہیں کل رات وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا تھا۔‘
سی آئی ڈی شو میں انسپکٹر ابھیجیت کا کردار ادا کرنے والے اداکار آدتیہ سریواستو نے پریس ٹرسٹ انڈیا کو بتایا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ انہیں جگر کے مسائل تھے اور اس کا اثر دوسرے اعضاء پر پڑا تھا۔ وہ دو تین دن سے بیمار تھے مگر جانبر نہ ہوسکے۔‘
اس سے قبل یہ اطلاعات تھیں کہ دنیش کو اتوار کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم دیانند شیٹی نے تصدیق کی کہ انہیں دل کا دورہ نہیں پڑا بلکہ جگر کا مسئلہ تھا۔ 
دنیش فڈنس طویل عرصے سے چلنے والے ٹی وی شو سی آئی ڈی میں فریڈرکس کا کردار ادا کرنے کے بعد شہرت کی بلندی کو پہنچے۔
سی آئی ڈی شو پہلی بار 1998 میں نشر ہوا اور بیس سال تک سونی ٹی وی پر چلتا رہا۔ دنیش نے مشہور سِٹ کام ’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘ میں بھی ایک مختصر کردار ادا کیا اور سپر 30 اور سرفروش جیسی فلموں میں بھی نظر آئے۔ 

شیئر: