Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں بدھ سے جمعے تک بارش کے حوالے سے الرٹ جاری

سعودی شہری اور غیرملکی بارش سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پرعمل کریں( فوٹو: شہری دفاع)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے بدھ سے جمعے تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک اور بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے’ سعودی شہری اور غیرملکی بارش سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں‘۔ 
عاجل ویب  کے مطابق شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ’ سیلاب والے مقامات، وادیوں اور نشیبی  مقامات کے قریب نہ جائیں۔ ایسے مقامات پر جہاں پانی کا پانی جمع ہوجاتا ہے تیراکی کا شوق بھی نہ کریں‘۔
’ بارش کے دوران سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ کے توسط سے جاری کی جانے والی ہدایات کی پا بندی کی جائے‘۔ 
شہری دفاع کا کہنا ہے’ مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار تک بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے‘۔ 
بارش کے ساتھ گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی۔ رابغ اور الکامل بھی آندھی اور بارش کی زد میں ہوں گے۔
 مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور شمالی حدود ریجن کا بھی بارش، ژالہ باری اور گردو غبار والی تیز ہواوں سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ 
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ’ مکہ شہر، جدہ، طائف، الجموم  اور اللیث سمیت متعدد کمشنریوں، حائل، باحہ، عسیر اور جازان ریجنوں میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ  بوندا باندی سے درمیانے درجے تک کی بارش متوقع ہے‘۔

شیئر: