Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میڈم جمائمہ، ہمارے پیسے کہاں ہیں؟‘ آصف زرداری کا الزام زیرِ بحث

جمائما گولڈ سمتھ سابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ٹرینڈ کر رہی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی (پارلیمنٹیرینز) کے صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ پر الزام لگایا ہے کہ ’جمائما گولڈ سمتھ بیرون ملک بیٹھ کر وِی لاگرز کو پیسے دے رہی ہیں۔
آج نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے سابق صدر نے کہا تھا کہ ’مختلف قسم کی دلچسپی‘ رکھنے والی لابی یہاں بلاگرز کی مالی معاونت کر رہی ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ’باہر جو ہمارے پاکستانی بیٹھے ہیں ان پر دوسری قوموں کا بھی اثر ہے، وہ بہکائے ہوئے ہیں، وہ سمجھ نہیں رہے ہیں کہ یہاں کیا عالم ہے، سوشل میڈیا کے پولز پر ایک رپورٹ نکلتی ہے اور وہ کہتے ہیں عمران خان بہت پاپولر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باہر ’بیٹھے ہوئے ولاگرز کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی جیتے گی، ’ان ولاگرز کو جمائما پیسے دے رہی ہے، سیدھی سی بات یہ ہے کہ ایک لابی ہے جو ان کو سپورٹ کر رہی ہے، فنانس کر رہی ہے اور اس لابی کے ارادے کچھ اور ہیں۔‘
عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ سابق صدر آصف علی زرداری کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ٹرینڈ کر رہی ہیں۔
ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں جمائمہ کی عمران خان کیساتھ پرانی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ بچھرڑنے والے میں سب کچھ تھا، بے وفائی نہ تھی۔‘
سفیان نامی سوشل میڈیا صارف نے جمائمہ کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی سپورٹ کا اظہار کیا۔ ویڈیو میں جمائمہ کو پی ٹی آئی جلسہ میں اردو تقریر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ایک صارف نے منفرد انداز میں اس ہیش ٹیگ کا استعمال کیا۔ اپنی ٹویٹ میں لکھا، ’میڈم جمائمہ، ہمارے پیسے کہاں ہیں؟ لکھ لکھ کر ہماری انگلیاں ٹیڑھی ہوگئیں ہیں۔‘
کامل شہزاد نے لکھا، ’جمائمہ مضبوط رہیں، ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔‘

شیئر: