Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا کے پُرسکون مقام پر جورجینا اور رونالڈو ایک ساتھ

ارجنٹائنی ماڈل نے اپنی پوسٹ کو ’العلا میں سکون اور محبت‘ کا عنوان دیا ہے۔ فوٹو انسٹاگرام
ارجنٹائن کی ماڈل جورجینا روڈریگز نے جمعرات کو انسٹاگرام پر اپنے ساتھی پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ العلا کے دورے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔
عرب نیوز کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کے چار بچوں کی ماں جورجینا روڈریگز نے اپنی چند تصاویر میں سرمئی رنگ کا عبایا پہن رکھا ہے۔

جورجینا نے دیگر تصاویر میں سفید ٹاپ کے ساتھ سیاہ پتلون، سیاہ جوتے اور فر کا براؤن کوٹ زیب تن کیا ہے۔
ارجنٹائنی ماڈل نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اپنی پوسٹ کو ’العلا میں سکون اور محبت‘ کا عنوان دیا ہے۔
اس موقع پر جورجینا روڈریگز نے اپنے ساتھی کرسٹیانو رونالڈو کے ہمراہ پرتکلف عشائیہ کا لطف اٹھایا اور مرایا ہال کا دورہ بھی کیا۔

شیشے کے 9740 پینلز سے بنایا گیا مرایا ہال مختلف پروگراموں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس عمارت کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ بک میں درج ہے۔
مرایا ہال یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل علاقے حجر سے 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

ریاض کے فٹ بال کلب النصر کے کپتان اور سٹار فٹبالر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے گذشتہ روز بدھ کو العلا کے دورے کی تصاویر  پوسٹ کی تھیں۔
رونالڈو نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں تحریر کیا کہ ’یہاں سعودی عرب  کے تاریخی علاقے العلا میں غیرمعمولی انسانی اور قدرتی ورثہ حیرت انگیز ہے۔‘

واضح رہے کہ جورجینا روڈریگز اور کرسٹیانو رونالڈو کی جوڑی جنوری سے سعودی عرب میں ہے جب سے رونالڈو نے النصر فٹ بال کلب کے ساتھ کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے۔
 
فوٹوز: انسٹاگرام

شیئر: