Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہت شرما کی جگہ ہاردک پانڈیا ممبئی انڈینز کے کپتان مقرر، کرکٹ شائقین کا غم و غصہ

گجرات ٹائٹنز نے ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں 2022 میں ٹرافی جیتی تھی (فوٹو: بی سی سی آئی)
انڈین کرکٹ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بڑی پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے جس میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم ممبئی انڈینز نے روہت شرما کو کپتانی سے فارغ کر دیا ہے۔
ممبئی انڈین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اعلان کیا کہ آئی پی ایل 2024 کے لیے ہاردک پانڈیا کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ممبئی انڈینز نے روہت شرما کو 2013 میں ٹیم کا کپتان بنایا تھا جس کے بعد اُن کی قیادت میں ممبئی انڈینز پانچ مرتبہ ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب رہی۔
ممبئی انڈینز نے روہت شرما کی کپتانی میں 2013، 2015، 2017، 2019 اور 2020 میں آئی پی ایل ٹرافی اپنے نام کی۔
دوسری جانب 2015 میں ممبئی انڈینز کی جانب سے آئی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والے ہاردک پانڈیا 2022 میں ممبئی انڈینز سے گجرات ٹائٹنز میں چلے گئے تھے جہاں انہیں ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔
گجرات ٹائٹنز نے ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں 2022 میں ٹرافی جیتی تھی جس کے بعد گذشتہ ماہ ٹریڈ کے تحت پانڈیا ایک مرتبہ پھر سے ممبئی انڈینز میں واپس چلے گئے جہاں انہیں کپتانی دی گئی ہے۔
 
انڈین میڈیا کے مطابق ممبئی انڈینز نے ہاردک پانڈیا سے ٹریڈ کے بارے میں رابطہ کیا تھا جس کے بعد آل راؤںڈر نے کپتان بننے کی شرط سامنے رکھی جسے ممبئی انڈیز نے قبول کر لیا اور اس کے بعد اس بارے میں روہت شرما سے رابطہ کیا گیا۔
میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ روہت شرما نے ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
دوسری جانب اگلے برس آئی پی ایل کے سیزن میں گجرات ٹائٹنز کی کپتانی شبھمن گِل کریں گے۔
ادھر ممبئی انڈینز کی جانب سے روہت شرما کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد اُن کے مداح اور ساتھی کھلاڑی ٹوئٹر پر اپنے غم وغصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
انڈین بیٹر سُوریا کمار یادو نے ٹویٹ میں ٹوٹے ہوئے دل کی ’ایموجی‘ بنا کر شیئر کر دی۔
 
انشومن نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھے یقین نہیں آ رہا کہ وہ (روہت شرما) ٹاس کے وقت موجود نہیں ہوں گے۔ یہ بندہ دو تین برسوں بعد چلا جائے گا۔ سب چیزوں کا اچانک سے دکھ ہو رہا ہے۔‘
 
جون رائٹ اس بارے میں لکھتے ہیں کہ ’روہت شرما ممبئی انڈینز کی کپتانی سے ہٹنے کا اختیار رکھنے کا حقدار تھے۔ انہوں نے اس فرنچائز کو کئی برسوں میں عظیم کامیابی دی ہے۔ حیرانی ہو رہی ہے کہ یہ سب کچھ اتنے جلدی کیسے ہوگیا۔‘
 
شومیا تریپاتھی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہمیں یہ منظور نہیں ہے۔ روہت کو ریٹائر ہونے تک کپتان ہونا چاہیے۔‘
 
سنکوٹ نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری بات لکھ کر رکھ لیں کہ ممبئی انڈینز پوائنٹس ٹٰیبل پر سب سے آخر میں آئے گی۔‘
 
رتنیش اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’ممبئی انڈینز کی وجہ سے ویک اینڈ خراب ہوگیا۔ کھیلوں کی ٹیم کے ساتھ  دل لگی ٹھیک نہیں ہے۔‘
 

 

شیئر: