Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نگراں وزیراعظم کا امیر کویت کی وفات پر تعزیت کے لیے کویت کا دورہ

شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پرپاکستان میں پیر کو ایک روزہ قومی سوگ منایا گیا۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے امیر کویت نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر تعزیت کے لیے کویت کا دورہ کیا۔
پیر کی رات کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الصباح سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستانی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے سابق امیر کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اپنے کویتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
’ریاست کویت نے ایک ایسے رہنما کو کھو دیا ہے، جنہوں نے اپنی بصیرت سے کویت کو ایک خوشحال ریاست میں تبدیل کیا۔ انہیں پاکستان کے خیر خواہ اور دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سابق امیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
امیر کویت مشعل الاحمد الصباح نے دکھ کی اس گھڑی میں کویت کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان اور کویت تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
خیال رہے شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پرپاکستان میں پیر کو ایک روزہ قومی سوگ منایا گیا۔ دن بھر  ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہا۔
اتوار کو نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے امیر کویت کی وفات پر کویتی عوام اور شاہی خاندان سے یکجہتی کے لیے 18 دسمبر کو ’قومی یوم سوگ‘ منایا جائے گا۔
 

شیئر: