Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2023 کی پسندیدہ بیٹنگ پرفارمنس کون سی رہی؟

گلین میکسویل نے افغانستان کے خلاف 128 گیندوں پر ڈبل سینچری کی تھی۔ فوٹو: روئٹرز
ٹی 20، ون ڈے یا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں جہاں کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی نے شائقین کے دل جیتے وہیں کچھ فینز مایوس تو ضرور ہوئے لیکن اپنی پسندیدہ ٹیم اور کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے رہے۔
سال 2023 جب ختم ہونے کے قریب ہے تو اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شائقین سے سوال کیا کہ رواں سال ان کی پسندیدہ بیٹنگ پرفارمنس کون سی رہی؟
اس سوال کے جواب میں شائقین نے دلچسپ تبصروں کے ساتھ ویڈیوز بھی شیئر کیں۔ لیکن اکثر صارفین نے بغیر کسی شک و شبہے کے گلین میکسویل کے حق میں ووٹ دیا۔ آسٹریلوی کھلاڑی گلین میکسویل نے رواں برس 7 نومبر کو افغانستان کے خلاف 128 گیندوں پر ڈبل سینچری کی تھی۔
ایکس صارف راحیل چوپڑا نے گلین میکسویل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’وہ میچ، وہ منظر، وہ کھلاڑی اور تاریخ کی سب سے بہترین اننگز کو کون بھول سکتا ہے؟‘
ایک اور صارف عبدللہ نے ’ورلڈ کپ کی ڈو آر ڈائی گیم میں 400 رنز کے تعاقب میں فخر زمان کی 63 گیندوں پر سینچری‘ کو سال کی بہترین بیٹنگ پرفارمنس قرار دیا۔
صارف آریان نے لکھا ’میری پسندیدہ بیٹنگ وراٹ کوہلی کی تھی جب مجھے لگ رہا تھا کہ ایک سو سکور بننا بہت مشکل ہے لیکن انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف 103 رنز بنائے تھے۔‘ 
ایکس پر بھانو بھکتا جوشی نے لکھا ’میری زندگی کی بہترین اننگز۔ مضحکہ خیز، غیر منطقی جب میں نے میکسویل کو افغانستان کے خلاف بیٹنگ کرتے دیکھا تو مجھے یقین نہیں آرہا تھا میں کیا دیکھ رہا ہوں؟‘
ٹوئٹر یوزر ایمان نے پسندیدہ پرفارمنس کے حوالے سے بتایا ’عائشہ نسیم کی انڈیا کے خلاف 25 گیندوں پر بنائے گئے 43 رنز، فاطمہ ثنا کے 104 گیندوں پر 90 رنز اور منیبہ علی کے 68 گیندوں پر بنائے گئے 102 رنز۔‘
سوشل میڈیا یوزر بسمہ نے بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف بابر اعظم کی پرفارمنس ان کی پسندیدہ رہی۔ 
عثمان اکرم نے لکھا ’ٹریوس ہیڈ کی ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کے خلاف یادگار اننگز‘ تھی۔
چند دن پہلے آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر بابر اعظم دوسرے پر شبھمن گِل اور تیسرے نمبر وراٹ کوہلی کو ٹھہرایا ہے۔

شیئر: