Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواتین کی بابر اعظم‘، 2023 میں کون سی پاکستانی ویمن کرکٹرز چھائی رہیں؟

پی سی بی نے ٹویٹ کیا کہ 2023 میں بسمہ فاروق اور نشرح سندھو ویمن ٹیم کی ٹاپ کھلاڑی رہیں۔ فوٹو: ایشین کرکٹ کونسل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سال کے آغاز پر ان خواتین کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے 2023 کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پیر کی صبح پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی ٹویٹ میں بسمہ معروف اور نشرح سندھو کا ذکر کیا اور سال کے دوران ان کی کارکردگی کے اعداد و شمار بھی بتائے۔
ٹویٹ کے ساتھ پوسٹر بھی جاری کیا ہے جس پر بسمہ معروف اور نشرح سندھو کی مسکراتی ہوئی تصاویر لگی ہوئی ہیں اور وہ ایکشن میں بھی نظر آ رہی ہیں۔
پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’2023 کے دوران ہماری ویمن ٹیم کی ٹاپ کھلاڑی، بسمہ معروف نے سب سے زیادہ رنز بنائے اور نشرح سندھو نے سب سے زیادہ وکٹیں لیں۔‘
اس پوسٹ میں صارفین سے بھی پوچھا گیا کہ وہ دونوں میں سے کس کی کارکردگی کو زیادہ پسند کرتے ہیں؟
تصویر کے اوپر دیے گئے چارٹ میں بتایا گیا ہے کہ بسمہ معروف نے 25 میچ کھیلے جن میں 624 رنز بنائے، ان کا زیادہ سے زیادہ سکور 68 رہا، جبکہ تین نصف سینچریز بنائیں۔
اسی طرح نشرح سندھو کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے سال کے دوران 24 میچ کھیلے اور 30 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین کاردگی 18 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کرنا ہے اور ان کی اوسط 23 اعشاریہ 13 رہی۔
پی سی بی کی جانب سے یہ پوسٹ سامنے آنے کے بعد صارفین بھی اس میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے خواتین کھلاڑیوں کو سراہ رہے ہیں جبکہ ساتھ ہلکی پھلکی مزاح پر مبنی ٹویٹس بھی کر رہے ہیں۔
پوسٹ کے جواب میں ایکس صارف اے اے آر خان نے بسمہ معروف کو ’لڑکیوں کی بابر اعظم‘ قرار دیا۔
محمد بلال نے کھلاڑیوں کی کارکرگی کو سراہا تو ساتھ ہی حفیظ خان اس نکتے کے ساتھ سامنے آئے کہ ’یہ بہترین کارکردگی نہیں ہے۔‘ جبکہ ساتھ ہی سنجیدگی دکھانے والا ایموجی بھی لگایا ہے۔
اسی طرح ایک اور صارف نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں فخر دلانے کے لیے شکریہ نشرح، اگلے سال کے لیے بھی نیک خواہشات۔‘

صارف شہزاد رفیق نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے لکھا کہ ’آل دی بیسٹ ویمن کرکٹ، حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح۔‘ 

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی بسمہ معروف پاکستان کی جانب سے ون ڈے میچز میں ایک ہزار رنز بنانے والی پہلی کھلاڑی ہیں۔
یاد رہے کہ بسمہ معروف کو جنوری 2020 میں ثنا میر کی جگہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی۔

شیئر: