Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: العین میں مقیم انڈین ڈرائیور نے 2 کروڑ درہم کی لاٹری جیت لی

منور فیرُوس انعامی رقم کو ٹکٹ خریدنے والے 30 مزید افراد میں برابر تقسیم کریں گے (فائل فوٹو: بگ ٹکٹ یو اے ای انسٹاگرام)
یو اے ای میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں العین شہر میں انڈین ڈرائیور نے 2 کروڑ درہم کی لاٹری جیت لی ہے۔
گلف نیوز کے مطابق العین میں مقیم منور فیرُوس نامی نجی ڈرائیور نے سیریز 259 بگ ٹکٹ لائیو ڈرا میں 2 کروڑ درہم کی لاٹری جیت لی ہے۔
منور فیرُوس نے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ پانچ برسوں سے ہر ماہ ٹکٹ خرید رہے ہیں اور انہیں ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ وہ یہ بڑا انعام جیت چکے ہیں۔
جب اُن سے پوچھا گیا کہ وہ اتنے پیسوں کا کیا کریں گے؟ تو اس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’مجھے اس بارے میں پتا نہیں ہے کیونکہ مجھے بالکل امید نہیں تھی کہ ایسا ہوگا۔ میں ابھی تک حیران ہوں اور ابھی کچھ وقت مزید سوچوں گا کہ انعام کا کیا کرنا ہے۔‘
2 کروڑ درہم کا انعام جیتنے والے منور فیرُوس اس بڑے انعام کو اپنے ساتھ شریک اس ٹکٹ کو خریدنے والے 30 مزید افراد میں برابر تقسیم کریں گے۔
گزشتہ روز (منگل) کو ہونے والے اس لائیو ڈرا میں انڈیا، فلسطین، لبنان اور سعودی عرب سے 10 خوش قسمت افراد کا قرعہ نکلا ہے۔
منگل کو ہی ستھیش کمار کماریسن نامی ایک اور انڈین دسمبر کے چوتھے ہفتے کے ای ڈرا کے فاتح قرار پائے تھے جنہوں نے 10 لاکھ اماراتی درہم اپنے نام کیے ہیں۔
ستھیش کمار کماریسن اتحاد ایئرویز میں انجینیئر ہیں اور اُن کا تعلق ابوظبی سے ہے۔

شیئر: