Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیوڈ وارنر کی گمشدہ ’بیگی گرین‘ کیپ چار دن بعد انہیں واپس مل گئی

ڈیوڈ وارنر پاکستان کے خلاف سڈنی میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سڈنی ٹیسٹ میچ کے ساتھ اپنے ٹیسٹ کیریئر کا اختتام کرنے والے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی چار دن پہلے گم ہونے والی ’بیگی گرین‘ کیپ انہیں واپس مل گئی ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق دو کیپس پر مشتمل بیگ، جس میں وارنر کی سنہ 2011 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کی کیپ بھی شامل تھی، سڈنی کے ٹیم ہوٹل سے مل گیا ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے جمعے کی صبح سوشل میڈیا پر اپنی ’بیگی گرین‘ کیپ پکڑے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے بیگ ڈھونڈنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ’ سب کو ہیلو، میں آپ سب کو یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ میری بیگی گرین کیپس مل گئی ہیں۔ میرا بیگ ڈھونڈنے میں شامل تمام افراد کا شکریہ۔ میں کنٹاس ایئر کمپنی، ہمارے ہوٹلز اور ٹیم مینجمنٹ کا بھی مشکور ہوں۔‘
ڈیوڈ وارنر نے مزید کہا کہ ’کوئی بھی کرکٹر جانتا ہے کہ اس کی کیپ کتنی خاص ہوتی ہے اور وہ اسے ساری زندگی یاد رکھیں گے۔‘
اس سے قبل کیپ گم ہونے پر ڈیوڈ وارنر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیپ ڈھونڈنے کی اپیل کی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بھی پیر کو ہونے والی پریس کانفرنس میں اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے آسٹریلوی حکومت سے وارنر کی کیپ ڈھونڈنے میں مدد کی اپیل کی تھی۔
ڈیوڈ وارنر پاکستان کے خلاف سڈنی میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔

شیئر: