Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ ایئر کا نیا منصوبہ ، جدہ ایئرپورٹ سے مسجد الحرام کے لیے فضائی ٹیکسی

السعودیہ ایئرنے 100 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا(فوٹو، اخبار 24)
سعودیہ ایئرلائن کی جانب سے جلد ہی فضائی ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ 100 الیکٹریک  طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کر لیا گیا ہے۔
بجلی سے چلنے والے ڈرون کی طرز کے ان طیاروں میں 6 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ طیارے جدہ انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے مسافروں کو براہ راست حرم مکی الشریف لے جائیں گے۔
اخبار 24 کی رپورٹ کے مطابق جدہ میں منعقدہ دوسری حج و عمرہ کانفرنس و نمائش میں السعودیہ ایئرلائن کے پولین پر الیکٹریکل طیارے کا ماڈل رکھا گیا ہے۔
السعودیہ گروپ کے ڈائریکٹر کارپوریٹ کمیونیکیشن انجینئرعبداللہ الشھرانی نے بتایا کہ بجلی سے چلنے والے ان چھوٹے طیاروں میں 4 سے 6 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ یہ طیارے 200 کلو میٹر تک ایک بار چارج کرنے پر باسانی سفر کرسکتے ہیں۔

الیکٹریکل طیارے جرمن کمپنی کے تیار کردہ ہیں (فوٹو، اخبار 24 )

الیکٹریکل طیاروں کو لینڈنگ کے لیے رن وے کی ضرورت نہیں ہوتی یہ ڈرون کی طرح عمودی شکل میں اترتے اور پرواز کرتے ہیں جس کے لیے خصوصی انجن تیار کیا گیا ہے۔
جرمن ساختہ یہ طیارے حج سیزن میں بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں جن کے ذریعے حجاج کو مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ لے جایا جائے گا۔
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے قریب موجود ہوٹلوں کی چھت پر بنے ہیلی پیڈ پر انہیں اتارا جائے گا جہاں سے مسافر محض چند منٹ میں حرم شریف میں جاسکیں گے۔
واضح رہے السعودیہ گروپ نے جرمن کمپنی سے 100 طیارے خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ ایئرلائن کی جانب سے سول ایوی ایشن سے رابطہ کیا جارہا تاکہ طیارے کے کمرشل استعمال کا لائسنس جاری کرایا جاسکے۔

شیئر: