Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان ڈرائیونگ کے لیے خطرناک ترین ملک ہے، تحقیقی رپورٹ

تیز رفتاری پر سب سے زیادہ جرمانہ تقریباً نصف ڈالر کے برابر ہے۔ فوٹو عرب نیوز
لبنان میں کی جانے والی حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور بننے کے لیے دنیا کے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں لبنان سرفہرست ہے جہاں سڑک ٹریفک سے ہونے والی اموات کی شرح فی لاکھ آبادی میں 22.6 ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گلوبل پوزیشننگ سپیشلسٹ کی طرف سے گذشتہ روز جمعہ کو شائع ہونے والے نتائج میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ سڑکوں کے معیار کے حوالے سے7 میں سے 2.8 سکور کے ساتھ لبنان چوتھے بدترین حالات کا حامل ہے۔
گلوبل پوزیشننگ سپیشلسٹ کے مطابق دنیا کے 60 ممالک میں سڑک کے معیار، ٹریفک اموات اور گاڑیوں کے جرائم کے اعدادوشمار کی چھان بین میں گاڑیوں کی چوری کی شرح بھی فی لاکھ آبادی میں 179ہے۔
لبنان سیکورٹی فورسز  کے مطابق گزشتہ سال اگست میں لبنان بھر میں ٹریفک حادثات میں کل 45 افراد ہلاک اور 263 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
بیروت میں قائم  ریسرچ اینڈ کنسلٹنسی فرم ’انفارمیشن انٹرنیشنل‘ نے لبنان میں 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران 1099 سڑک حادثات ریکارڈ کیے جب کہ 2022 کے اسی عرصے  کے دوران یہ تعداد 916 تھی۔
 گذشتہ سال کی پہلی ششماہی میں سڑک حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی  54 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق لبنان میں خطرناک ڈرائیونگ کی بنیادی وجہ سڑکوں کے خراب معیار کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں کے لاپروائی ہے۔

گزشتہ سال اگست میں حادثات میں45 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فائل فوٹو روئٹرز

لبنان میں ٹریفک خلاف ورزیوں کی روک تھام پر نظر رکھنے کے لیے سڑکوں پر ریڈار سسٹم نصب ہے۔
حادثات کم کرنے میں بنیادی کردار جرمانوں کا بھی رہتا ہے جو کہ لبنان میں بہت کم ہے، یہاں تیز رفتاری پر سب سے زیادہ جرمانہ تقریباً نصف ڈالر کے برابر ہے۔
ڈرائیور بننے کے لیے دنیا کے خطرناک ترین ممالک کی گلوبل پوزیشننگ سپیشلسٹ (GPS )کی فہرست میں لبنان کے بعد دوسرا نمبر یوراگوئے کا ہے جو گاڑیوں کی چوری میں پہلے نمبر پر ہے۔
دریں اثناء  کوسٹا ریکا، یونان، گوئٹے مالا، چلی، ڈومینیکن ریپبلک، اٹلی اور روس بھی ڈرائیونگ کے لیے بدترین ممالک کی فہرست میں شامل ہیں۔

شیئر: