Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرواز میں تاخیر کا اعلان، انڈین مسافر نے پائلٹ کو تھپڑ جڑ دیا

انڈیگو ایئرلائن حملہ کرنے والے مسافر کیخلاف مقدمہ درج کروانے جارہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ایئرلائن انڈیگو کی پرواز دھند کے باعث تاخیر کا شکار ہونے پر ایک مسافر نے غصے میں آکر پائلٹ کو تھپڑ دے مارا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا جب انڈیگو ایئر کے طیارے نے دہلی سے گوا پرواز کرنی تھی مگر دھند کے باعث فلائٹ تاخیر کا شکار ہوگئی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ کاکپٹ سے باہر آکر پرواز میں تاخیر کا اعلان کر رہے ہیں، اسی دوران پیلے رنگ کے لباس میں ملبوس ایک شخص اپنی سیٹ سے اٹھا اور پائلٹ پر ہاتھ اٹھا دیا۔ مسافر کے اس عمل پر پائلٹ پچھے ہٹ گیا اور اہیر ہوسٹس درمیان میں آگئیں۔
حملہ آور مسافر کی شناخت ساحل کٹاریا کے نام سے ہوئی جنہیں طیارے سے نیچے اتار کر سکیورٹی کے حوالے کر دیا گیا۔
پائلٹ نے مسافر کے خلاف شکایت درج کروا دی ہے جبکہ انڈیگو ایئرلائن بھی مقدمہ درج کروانے جارہی ہے۔
جہاں طیارے میں باقی مسافر حملہ کرنے والے شخص کی عدم برداشت پر صفائیاں دیتے رہے وہیں اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے مسافر پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ان سب میں طیارے کا عملہ قصور وار نہیں ہے۔
سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر وجے شیکھر شرما نامی صارف نے لکھا ہے کہ ’ہم سب سمجھتے ہیں کہ عملہ اے ٹی سی کی رہنمائی کرتا ہے اور خود پرواز میں تاخیر نہیں کرتا۔ انہوں نے مسافر کے حملے کو ’مکمل طور پر ناقابل قبول‘ قرار دیا اور کہا کہ ہمیں ایئر لائن عملے کا احترام کرنا چاہیے جو ہر وقت اسٹینڈ بائی رہتا ہے اور ہمیں کسی بھی گھڑی اور موسم میں خدمات فراہم کرتا ہے۔‘

ایک اور صارف نے ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ’پائلٹ یا کیبن کریو کا تاخیر سے کیا لینا دینا؟‘وہ تو اپنا کام کر رہے ہیں۔ اس آدمی کو گرفتار کریں، اور اسے نو فلائی لسٹ میں ڈالیں۔‘

دوسری جانب نریندر ایل سونجی نامی صارف نے انڈیگو ایئرلائن کو قصور وار ٹھہرایا اور لکھا کہ ’انڈیگو پہلے پرواز میں تاخیر کا اعلان کرتا ہے، پھر مزید تاخیر کے بارے میں بتایا جاتا ہے اور بعض اوقات پرواز ہی منسوخ کردیتا ہے۔ اس سے مسافروں کو مشکل پیش آتی ہے جس کی وجہ سے ایسے سنگین واقعات رونما ہوتے ہیں۔‘

شیئر: