Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسام پروجیکٹ کے تحت یمن میں مزید ایک ہزار سے زیادہ بارودی سرنگیں صاف

اب تک چار لاکھ 28 ہزار580  بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
یمن میں جنوری 2024 کے دوسرے ہفتے میں یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید ایک ہزار46 بارودی سرنگوں کو صاف کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن کے مختلف علاقوں سے ایک اینٹی پرسنل بارودی سرنگ، 118 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، 915 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز اور 12 دیسی ساختہ بموں کو تباہ کیا۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
یمن کے گورنریٹ مارب، عدن، الجوف، شبوہ، لحج، صنعا، البیضا، تعز، الحدیدہ، الضالع اور صعدہ میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے لیے کارروائیاں کی گئی ہیں۔
مسام پروجیکٹ کے منیجگ ڈائریکٹر اسامہ کے مطابق 2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چار لاکھ 28 ہزار580  بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
ان میں دو لاکھ 71 ہزار 376 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز، ایک لاکھ 42 ہزار 801 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، سات ہزار 947 دیسی ساختہ بم اور چھ ہزار 447 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
ایک اندازے کے مابق یمن جنگ کے آغاز سے اب تک 50 لاکھ افراد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ بہت سے اپنی زمینوں پر بارودی سرنگوں کے باعث بے گھر ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
جون 2022 میں مسام پروجیکٹ کے معاہدے کو 33.29 ملین ڈالر کی لاگت سے مزید ایک سال کے لیے بڑھایا گیا ہے۔
یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئرز کی بھی تربیت اورانہیں جدید آلات فراہم کرتا ہے جبکہ باردودی سرنگوں کی زد میں آنے والے یمنی شہریوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔

شیئر: