Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حریم شاہ دفتر خارجہ میں اور چاہت فتح علی خان قومی اسمبلی میں، سچی جمہوریت‘

چاہت فتح علی خان نے لاہور سے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جو مسترد ہو گئے تھے (فوٹو: ایکس)
سوشل میڈیا پر اپنی انوکھی گلوکاری کے باعث مشہور ہونے والے چاہت فتح علی خان پاکستان کی قومی اسمبلی جا پہنچے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں چاہت فتح علی خان کو پاکستان کی قومی اسمبلی کے ہال میں کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو میں چاہت فتح علی خان اپنے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں ’میں آج پہلی بار قومی اسمبلی پہنچ گیا ہوں، انشاءاللہ اب اگلی بار الیکشن جیت کر یہاں آؤں گا۔‘
گلوکار نے اپنے پیغام میں کہا ’اب خوشیاں ہی خوشیاں ہوں گی، پاکستان میں نئی سیاست کا آغاز ہوگا جس میں درگزر، پیار اور محبت ہوگا۔ پاکستان کے تمام صوبوں میں خوشیاں اور ہریالی ہوگی۔‘
چاہت فتح علی خان نے کچھ روز قبل یہ ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کی تھی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جہاں انٹرنیٹ صارفین کو طنز و مزاح کا موقع ملا وہیں کچھ  صارفین اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے بھی دکھائی دیے۔
سلمان جاوید نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’ قومی اسمبلی میں چاہت فتح علی خان - یہ مذاق نہیں ہے، یہ تشویشناک بات ہے - ہم اپنی قانون ساز اسمبلی کے بارے میں کیسی تصویر پیش کر رہے ہیں؟ نام نہاد جمہوریت پسندوں کے لیے یہ ایک مقدس ہال ہونا چاہیے لیکن ایسا لگتا ہے کہ یا تو ہمارے تمام نمائندے شروع سے ہی ان جیسے تھے یا اب انہوں نے ان لوگوں کو ایوانوں میں آنے دیا ہے جہاں ہمارے مستقبل کا فیصلہ ہوتا ہے۔ یہ خوش ہونے کی چیز نہیں ہے، اسے بحیثیت قوم ہمارے زوال کی یاد دہانی کے طور پر پیش کیا جانا چاہیے۔‘

بشریٰ رحمان نے جواب میں لکھا ’مجھے آپ کے موقف سے مایوسی ہوئی۔ وہ ایک شہری ہیں اور انہیں قومی اسمبلی میں انتخاب لڑنے کا پورا حق ہے۔ انہیں یا کسی کو بھی ان اداروں کی حدود میں رہنے کا پورا حق ہے۔ سکولز بھی اپنے بچوں کو فیلڈ ٹرپس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس لے جاتے ہیں۔ کیا یہی جمہوریت کا مقصد نہیں ہے ۔ مساوی مواقع؟‘
ام حسنات نے لکھا ’ان تمام لوگوں کے لیے جو مساوی شہری حقوق کے علمبردار کے طور پر اس پوسٹ کا جواب دینے آئیں گے، میں اس اسمبلی کے لیے ٹیکس ادا نہیں کرتا ہوں جہاں میری تفریح کیلئے فنکار مہیہ کیے جائیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ اسمبلی بطور شہری میرے بنیادی حقوق کا خیال رکھے گی۔ یہ قانون ساز اسمبلی ہے تھیٹر نہیں۔‘
رضا خان نے طنز کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا ’حریم شاہ دفتر خارجہ میں اور چاہت فتح علی خان اسمبلی میں۔ سچی جمہوریت۔‘
حسن اقبال نے لکھا کہ پارلیمنٹ عوامی جگہ ہے۔ جب ایوان کی کارروائی جاری نہ ہو تو لوگوں کو اس جگہ کا دورہ کرنے کیلئے رسائی حاصل ہونی چاہیے۔‘
اس سے قبل چاہت فتح علی خان نے لاہور کے حلقہ این اے 128سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، جو دوہری شہریت کے باعث مسترد کردیئے گئے تھے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق چاہت فتح علی خان نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان بھی کیا ہے جس غرض سے وہ کچھ دن پہلے پارٹی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن بھی گئے تھے۔ 

شیئر: