Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خودکشی کے لیے پل پر چڑھنے والا شخص بریانی کی لالچ میں نیچے اتر آیا

پولیس نے پل پر چڑھنے والے شخص کو بریانی اور ملازمت کی پیشکش کی جس کے بعد وہ نیچے اتر آیا (فوٹو: پکسابے)
انڈیا کے شہر کولکتہ میں ایک شہری خود کشی کی غرض سے پل پر چڑھ گیا جسے پولیس نے بریانی اور ملازمت کا لالچ دے کر واپس نیچے اترنے پر راضی کر لیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 جنوری کو کولکتہ میں پولیس نے ایک 40 سالہ شخص کی جان بچائی جو خودکشی کے لیے ایک پل پر چڑھ گیا تھا۔
پولیس افسران کے مطابق ’دوپہر ڈھائی بجے کے قریب یہ شخص اپنی بڑی بیٹی کو موٹرسائیکل پر سیر کیلئے لے جا رہا تھا کہ وہ اچانک پل کے قریب رک گیا اور اپنی بیٹی سے بہانہ کیا کہ اس کا موبائل فون سڑک پر کہیں گرا ہے اور وہ اسے تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ شخص اپنی بیٹی کو سڑک پر اکیلا چھوڑ کر پل پر چڑھ گیا اور چھلانگ لگانے کی دھمکی دینے لگا۔‘
قریبی پولیس سٹیشن کی پولیس، کولکاتہ پولیس ڈیزاسٹر مینجمنٹ گروپ (ڈی ایم جی) اور فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے ساتھ، فوری طور پر موقع پر پہنچی اور اس شخص کے ساتھ بات چیت شروع کی۔
پولیس افسران نے بتایا کہ انہوں نے پل پر چڑھنے والے اس شخص کو بریانی اور ملازمت کی پیشکش کی جس کے بعد وہ نیچے اترنے پر راضی ہو گیا۔
پولیس اہلکاروں نے مزید بتایا کہ اس شخص نے یہ انتہائی قدم اس لیے اٹھایا کیونکہ وہ  اپنی بیوی سے علیحدگی اور کاروباری نقصانات کی وجہ سے پریشان تھا۔

شیئر: