Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیلی کاپٹروں اور آبدوزوں سمیت فوجی اسلحے کی مشترکہ پیداوار، انڈیا اور فرانس کا اتفاق

نئی دہلی نے کہا ہے کہ انڈیا اور فرانس نے ہیلی کاپٹروں اور آبدوزوں سمیت فوجی اسلحے کی مشترکہ پیداوار کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے جو انڈین افواج اور دوست ملکوں کو دیے جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس معاہدے پر اتفاق فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں کے انڈیا کے دورے میں ہوا۔
جمعے کو رات گئے انڈیا کی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ فرانسیسی صدر نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ریاستی عشائیے میں شرکت کی جس کی میزبانی صدر دروپدی مرمو نے کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی صدر اور انڈین وزیراعظم نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا جن میں ایٹمی توانائی، خلائی تحقیق اور موسمیاتی تبدیلی، صحت اور زراعت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال شامل ہے۔
اس بیان میں کسی معاہدے کی مالیت کا ذکر نہیں کیا گیا۔
روس کے بعد فرانس وہ دوسرا بڑا ملک ہے جو انڈیا کو اسلحہ فروخت کرتا ہے۔ انڈین ایئرفورس دہائیوں سے فرانسیسی ساختہ جہازوں پر انحصار کرتی آئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے انڈیا میں فرانس کی سافرون کمپنی کی جانب سے ہوابازی کے انجن، رفال طیاروں کی انجن کی سروس اور مرمت کے ساتھ ہیلی کاپٹروں کی تیاری میں پارٹنرشپ کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
دوطرفہ اجلاس کے لیے فرانسیسی صدر نے انڈیا کا 40 گھنٹے طویل دورہ کیا۔ یہ ان کی وزیراعظم نریندر مودی سے گزشتہ برس مئی سے اب تک پانچویں ملاقات ہے۔
انڈیا کے خارجہ سیکریٹری وینے کواترا نے بتایا کہ انڈین ٹاٹا گروپ اور فرانس کی ایئربس پہلے ہی سویلین ہیلی کاپٹر مشترکہ طور پر بنانے کے معاہدے پر دستخط کر چکے ہیں۔
جیٹ انجن بنانے والی فرانسیسی کمپنی سی ایف ایم انٹرنیشنل نے بھی انڈین کمپنی اکاسا ایئر کے ساتھ معاہدے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت بوئنگ 737 کے میکس ایئرکرافٹ کے 300 انجن خریدے جائیں گے۔
اکاسا ایئر نے پہلے فرانسیسی کمپنی سے 76 انجن خریدنے کا معاہدہ کیا تھا جن میں سے 22 اُس کو مل چکے ہیں۔
انڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں ملک جنوب مغربی بحرہند میں نگرانی کے مشترکہ ںظام پر بھی متفق ہوئے ہیں۔

شیئر: