Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گلوکار تو محبت کا سفیر، تشدد کیسے کر سکتا ہے‘

پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ایک شخص پر تشدد کر رہے ہیں جو اُن کا ملازم بتایا جا رہا ہے۔
سنیچر کو پاکستان میں مختلف ایکس اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی اس ویڈیو پر صارفین تبصرے کر رہے ہیں۔
ارباز رضا بھٹہ نامی ایکس ہینڈل سے ویڈیو ٹویٹ کر کے لکھا گیا کہ ’یہ وہ لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم دنیا بھر میں امن کا پیغام پھیلاتے ہیں۔‘
مقدس فاروق اعوان نامی ایک ایکس صارف نے راحت فتح علی خان کی ’ملازم پر تشدد کی ویڈیو‘ پر تبصرہ کیا کہ وہ اس سے قبل اپنے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا چکے ہیں۔
ریحان طارق نامی ایک سوشل میڈیا صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کیا کہ معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی ویڈیو منظرعام پر آئی جس میں وہ ملازم پر تشدد کرتے ہوئے پوچھ رہے ہیں کہ ’میری بوتل کہاں ہے۔‘
سوشل میڈیا صارف کا دعویٰ ہے کہ ’گھریلو ملازم پر جوتوں اور گھونسوں کی بارش کی گئی جبکہ ملازم جان بخشی کے لیے واسطے دیتا رہا۔‘
خرم ذاکر نامی ایکس صارف نے ویڈیو پوسٹ کر کے لکھا کہ ’ہر انسان کے دو چہرے ہوتے ہیں ایک دنیا کو دکھانے کے لیے اور ایک اصل چہرہ۔‘
انہوں نے کہا کہ ’راحت فتح علی خان ایک گلوکار ہیں جو محبت کا سفیر ہوتا ہے، وہ ایسا تشدد کیسے کر سکتا ہے۔‘
راحت فتح علی خان کے بکنگ مینیجر کے مطابق انہیں اس حوالے سے کوئی خبر نہیں۔
انہوں نے اُردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا 'ہمیں خود آپ سے معلوم ہوا۔ راحت فتح علی خان کا رویہ ایسا ہرگز نہیں ہے، پہلے تو ایسا کچھ ہوگا نہیں، اگر ہوا بھی تو پوری کہانی جانے بغیر غلط دعوے نہیں کرنے چاہییں۔‘
انہوں نے بتایا کہ وہ پوری کہانی جاننے کے بعد مزید جواب دیں گے۔  ’شاید یہ معاملہ راحت فتح علی خان کے سامنے بھی ابھی تک نہیں آیا، کیونکہ ہم ان کے ساتھ جڑے رہتے ہیں جب ہمیں نہیں معلوم تو میڈیا پر چلنے والے الزامات بارے انہیں بھی شاید علم نہ ہو۔‘

شیئر: