Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غار حرا کی زیارت کے لیے نئی سہولتیں کیا ہیں؟

آئندہ ایام میں زائرین بڑی تعداد میں یہاں آئیں گے (فوٹو العربیہ چینل)
سعودی عرب کے 6 اداروں نے مکہ مکرمہ میں غار حرا  (جبل حرا) کی زیارت کو آسان بنا دیا۔
العربیہ چینل کے مطابق مکہ رائل کمیشن، وزارت ثقافت کے ماتحت آثار قدیمہ کا ادارہ، سعودی وژن کے ماتحت ضیوف الرحمن پروگرام، محکمہ سیاحت، مکہ میونسپلٹی اور محکمہ شہری دفاع  غار حرا کے زائرین کو مربوط پروگرام کے تحت تمام سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔
جبل حرا کے پاس ایک سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں  زائرین کو غار حرا کی زیارت کے حوالے سے معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

غار حرا کی زیارت کے لیے 6 اداروں نے کام کیا ہے۔ (فوٹو العربیہ چینل)

سعودی حکومت نے یہ پروگرام زائرین کو ثقافتی اور دینی اعتبار سے عمرہ و حج کے پروگرام کو یادگار بنانے کی غرض سے تیار کیا ہے۔
مذکورہ اداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ ایام میں زائرین جبل حرا کے دامن میں واقع حرا کلچرل سینٹر سے  نجی گاڑیوں کے ذریعے غار حرا جاسکیں گے۔ یہ فاصلہ تقریبا 3 کلو میٹر کا ہے۔
سعودی حکومت نے پہاڑ کے نچلے حصے سے لے کر غار حرا تک پورا راستہ ہموار کردیا ہے۔

غار حرا کا راستہ ہموار کردیا گیا ہے۔ (فوٹو العربیہ چینل)

ماضی میں زائرین اپنے طریقے سے دشوار گزار راستوں سے گزر کر غار حرا کی زیارت کرتے تھے جس سے حادثات ہوتے رہتے تھے۔
العربیہ چینل کے مطابق زائرین سینٹر کے ذریعے غار حرا کی مکمل سیر کرسکیں گے۔ انہیں غار حرا (جبل حرا) سے متعلق معتبر معلومات  مہیا کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں غار حرا کا سفر شروع کرنے سے قبل ضروری احتیاطی تدابیر بھی بتائی جائیں گی۔


غار حرا سے متعلق سینٹر میں تجارتی مرکز بھی ہے۔ (فوٹو العربیہ چینل)

غار حرا کے مرکز میں ایک تجارتی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے  جہاں سے زائرین سینڈوچ، خوشبویات اور یادگاری تحائف خرید سکیں گے۔ تجارتی مرکز میں مکہ مکرمہ، خانہ کعبہ کے ماڈلز، چھتریاں، جاء نمازیں، پانی کی بوتلیں اور  دیگر ضروری سامان فروخت کیا جارہا ہے۔
توقع ہے کہ  آئندہ ایام میں غار حرا کی زیارت کے لیے  آنے والوں کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہوگا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: