Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کا بحیرہ احمر میں حملے جاری رکھنے کا اعلان، ’سخت بدلہ لیا جائے گا‘

حوثیوں کا کہنا ہے کہ امریکی اور برطانوی حملوں کا بدلہ لیا جائے گا (فوٹو: روئٹرز)
یمن کے حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور امریکہ و برطانیہ کے خلاف بھی حملے کیے جائیں گے، جبکہ امریکہ نے خبردار کیا ہے اگر ایسا ہوا تو حوثیوں کو سخت انتقام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کی رات امریکہ، برطانیہ اور اتحادیوں نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے، تیرہ مقامات پر ہونے والے حملوں میں 36 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
حملوں کا مقصد ملیشیا پر ڈالنا تھا کہ وہ بحیرہ عرب میں تجارتی جہازوں پر حملے بند کرے۔
ان ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ حوثیوں کے زیرکنٹرول تھے اور وہاں پر بڑی تعداد میں اسلحے کے ذخائر موجود ہے جن میں میزائل سسٹم، لانچرز، ایئر ڈیفنس سسٹم اور ریڈار بھی تھے۔‘
امریکہ کی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے ایک ایسے کروزشپ میزائل کو نشانہ بنایا گیا جو بحیرہ عرب میں سفر کرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے چلایا جانے والا تھا۔
حوثی ملیشیا کے ترجمان یحیٰی سریعہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کے جہازوں نے ایک رات میں 48 حملے کیے جن میں سے 13 صنعا پر کیے گئے، نو مغربی صوبے العبیدہ پر جبکہ باقی دیگر شہروں پر کیے گئے۔
انہوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان کے جواب میں امریکہ اور برطانیہ کے جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
اس کے جواب میں امریکہ کی جانب سے سخت انتقامی کارروائی کا انتباہ کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکہ نے اتوار کو ایران اور اس کے حمایت گروہوں اور ان کو فنڈز فراہم کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مشرق وسطٰی میں امریکہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو جواباً شدید حملے کیے جائیں گے۔
صدر جو بائیڈن کی نیشنل سکیورٹی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا تھا کہ’ہم کسی بھی قسم کی صورت حال کا سامنا کرنے کو تیار ہیں جو کوئی بھی گروہ یا ملک ہمارے خلاف کرنے کی کوشش کرے۔ ایران کو فوری اور زبردست ردعمل کی توقع رکھنی چاہیے۔‘
سلیوان نے یہ انتباہی بیان ایک امریکی ٹی وی کے نیوز شو میں جاری دیا۔
خیال رہے اسرائیل حماس کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے کئی بار امریکہ اور کئی دوسرے ممالک کے جہازوں پر حملے کیے گئے ہیں۔

شیئر: