Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن کی صبح معطل کی جانے والی موبائل فون سروس بحال ہو گئی

پاکستان میں 8 فروری کو عام انتخابات کے روز سارا دن معطل رہنے والی موبائل سروس 9 فروری کی صبح ساڑھے تین بجے کے قریب بحال ہو گئی۔ 
اس سے قبل کراچی اور کوئٹہ میں موبائل سروس بحال ہونے کی اطلاعات ہوئی تھیں۔
جمعرات کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ملک کے کچھ علاقوں میں موبائل سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
قبل ازیں جمعرات کی صبح وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ’ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔‘
ترجمان کے مطابق ’دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ پاکستان میں پولنگ سے قبل الیکشن مہم کے دوران دہشت گردی کے درجنوں واقعات ہوئے۔‘
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ’وہ موبائل فون سروس کی بحالی کے لیے ہدایات جاری نہیں کریں گے کیونکہ یہ اُن کا کام نہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سکیورٹی محکموں نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر یہ اقدام کیا ہے۔‘
عام انتخابات میں پولنگ سے ایک دن قبل صوبہ بلوچستان کے دو اضلاع پشین اور قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے دھماکوں میں 29 افراد مارے گئے۔
دونوں دھماکوں میں مقامی امیدواروں کے حامیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
موبائل فون سروس معطل کرنے کے وقت یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ یہ کس وقت تک بند رہے گی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پولنگ ڈے سے ایک دن قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ ’انٹرنیٹ سروس بند نہیں کی جائے گی۔‘

شیئر: