Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابات سے متعلق بعض ممالک کے بیانات حقائق کو نظرانداز کرتے ہیں: پاکستان

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان متحرک جمہوری سیاست کے لیے اپنا کام جاری رکھے گا۔‘ فائل فوٹو: اے ایف پی
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے عام انتخابات پرامن اور کامیابی سے منعقد کیے ہیں۔ 
سنیچر کو ایک بیان میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ مستحکم اور جمہوری معاشرے کے عزم کے تحت انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔ ’عام انتخابات سے متعلق بعض ممالک اور تنظیموں کے بیانات ناقابل تردید حقائق کو نظرانداز کرتے ہیں، انٹرنیٹ کی بندش دہشتگردی سے بچنے کے لیے تھی۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عام انتخابات سے متعلق بعض ممالک اور تنظیموں کے بیانات کو دیکھا ہے۔ 
ان بیانات میں منفی لہجے پر حیرانی ہوئی ہے، بعض بیانات انتخابی عمل کی پیچیدگی کو مدنظر نہیں رکھتے اور نہ ہی کروڑوں پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے آزادانہ اور پرجوش استعمال کو تسلیم نہیں کرتے، یہ بیانات ناقابل تردید حقیقت کو نظرانداز کرتے ہیں۔‘
ترجمان
نے کہا کہ عام انتخابات پرامن اور کامیابی کے ساتھ منعقد کیے، غیر ملکی سپانسر شدہ دہشتگردی سے سیکورٹی کو درپیش خطرات سے نمٹا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ کچھ بیانات کا حقیقت سے واسطہ نہیں، ملک گیر انٹرنیٹ بندش نہیں تھی صرف پولنگ کے دن موبائل سروس کو بند کیا گیا تاکہ کسی بھی دہشتگردی کے واقعے سے بچا جا سکے۔ 
بیان میں کہا گیا کہ انتخابی مشق نے اس حوالے سے خدشات کو غلط ثابت کیا ہے، پاکستان نے اپنے وعدے کے مطابق ایک مستحکم اور جمہوری معاشرے کی تشکیل کے لیے انتخابات کا انعقاد کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ’ہم اپنے دوستوں کی جانب سے تعمیری تنقید کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انتخابی عمل کی تکمیل سے قبل منفی بیانات نہ تو تعمیری اور نہ ہی بامقصد ہیں۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان متحرک جمہوری سیاست کے لیے اپنا کام جاری رکھے گا۔ ہر انتخابات اور اقتدار کی پرامن منتقلی ہمیں اس منزل سے مزید قریب کرے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم یہ کام کسی دوسرے کے خدشات کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے عوام کی خواہشات اور ہمارے بانیوں کے وژن کے مطابق کر رہے ہیں۔‘
 

شیئر: