Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ کا نیا فیچر، صارفین لاک سکرین سے ہی ’سپیم مواد‘ بلاک کر پائیں گے

واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر تیزی سے دنیا بھر میں ریلیز کیا جا رہا ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
آن لائن دھوکہ دہی یعنی فِشنگ کے مسائل پر قابو پانے کے لیے معروف میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے نیا فیچر لانچ کیا گیا ہے جس کے تحت اب صارفین لاک سکرین ہی سے ’سپیم مواد‘ کو بلاک کر پائیں گے۔
واٹس ایپ پر صارفین کو سپیم مواد بھیجنے والے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی سہولت تو پہلے سے ہی میسر ہے، تاہم اس نئے فیچر کے بعد صارفین کو سپیمنگ کرنے والے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے لیے چیٹ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ویب سائٹ ’اینڈرائیڈ پولیس‘ کے مطابق واٹس ایپ نے حالیہ دنوں میں اپنے پلیٹ فارم پر صارفین کے لیے ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ اب سپیم اکاؤنٹس کو بغیر چیٹ کھولے ہی لاک سکرین سے بلاک کیا جا سکتا ہے۔ 
اس فیچر کے بعد جیسے ہی صارفین کو کوئی سپیمنگ مواد موصول ہوگا، وہ لاک سکرین پر ریپلائی کے بٹن کے ساتھ موجود ’بلاک‘ بٹن کو استعمال کر کے فوری طور پر اس اکاؤنٹ یا نمبر کو بلاک کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ کی جانب سے سپیمنگ کرنے والے اس نمبر کو ’رپورٹ‘ کرنے کا آپشن بھی دیا جا سکتا ہے۔
سپیمنگ کرنے والے اکاؤنٹ کو رپورٹ کرنے کے لیے سکرین پر موجود چیک باکس پر آنے والے رپورٹ کونٹیکٹ کے آپشن پر کِلک کرنا ہوگا اور پھر بلاک کے آپشن پر کِلک کر کے اُس کی تصدیق کرنا ہوگی۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر تیزی سے دنیا بھر میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔

شیئر: