Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبوک : موسم سرما کے حوالے سے ہلال الاحمر کی احتیاطی تدابیر

اللوزپہاڑ پر 27 یونٹس تعینات کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
تبوک ریجن کی ہلال الاحمر کی ٹیم نے موسم سرما کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل شروع کردیا ہے۔ تبدیل ہوتے موسمی حالات کے پیش نذر ہلال الاحمر کی جانب سے خصوصی امدادی یونٹس کو بھی اہم مقامات پر تعینات کردیا گیاہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق ہلال الاحمر کے ریجنل ڈائریکٹر نواف بن میاح العنزی کا کہنا ہے کہ کنٹرول روم میں کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے اضافی اسٹاف تعینات کردیا گیا ہے تاکہ 24 گھنٹے کی بنیاد پر امدادی خدمات فراہم کی جاسکیں ۔
ہلال الاحمر کے 27 یونٹس کو تبوک ریجن خاص کر اللوز پہاڑ کے اطراف میں تعینات کیا گیا ہے جہاں لوگ بڑی تعداد برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے جاتے ہیں۔
ہلال الاحمر کی جانب سے فضائی ایمبولینس کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے جائے حادثہ پر پہنچنے میں کسی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تبدیل ہونے والے موسمی حالات کے پیش نذر احتیاطی تقاضے کے تحت امدادی رضا کار یونٹس کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر انکی خدمات بھی حاصل کی جاسکیں۔

اللوز پہاڑ کی سطح سمندر سے بلندی 2500 میٹر ہے(فوٹو، ایس پی اے)

ریجنل ڈائریکٹر ہلال الاحمر العنزی نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کی جانے والی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
واضح رہے تبوک ریجن کے مغربی علاقے میں اللوز پہاڑ واقع ہے جس کی سطح سمندر سے 2600 میٹر ہے۔ اس پہاڑ کو ’جبل اللوز ‘ یہاں کثرت سے پائے جانے والے باداموں کے درختوں کی وجہ سے کہا جاتا ہے۔
موسم سرما میں یہاں  ہونے والی برفباری سے قرب و جوار کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ تفریح کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔

شیئر: