Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ اور امل موومنٹ کے چھ ارکان ہلاک

اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کے کئی قصبوں پر حملہ کیا (فوٹو:اے ایف پی)
جنوبی لبنان میں جمعے کی صبح اسرائیلی گولہ باری میں حزب اللہ اور امل موومنٹ کے چھ ارکان ہلاک ہو گئے۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے قنطرہ، دیر سریان اور وادی سالوکی کے آس پاس کے قصبوں پر حملہ کیا۔
قنطرہ میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران امل موومنٹ کے تین ارکان جبشیت قصبے سے تعلق رکھنے والے علی حسن عیسیٰ، قصیبہ قصبے سے محمد حسین سعید اور قصبہ الشرقیہ کے قاسم نزار بیرو مارے گئے۔
حزب اللہ نے اپنے دو ارکان کی موت پر دکھ کا اظہار کیا جن میں دیر قانون النھر کے قصبے سے تعلق رکھنے والے مصطفیٰ خدر قاصر اور جنوبی لبنان کے قصبے صربین سے محمد علی درویش شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’جمعرات کی رات ہم نے قنطرہ گاؤں میں حزب اللہ تنظیم سے تعلق رکھنے والی ایک فوجی عمارت اور انفراسٹرکچر پر حملہ کیا۔‘
اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ شمال میں داخلی محاذ نے اسرائیلی فوج کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد اور حزب اللہ کی جانب سے ردعمل کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے شمالی سرحد پر سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حزب اللہ نے دو روز قبل نبطیہ اور السوانہ شہروں میں اسرائیلی فوج کی طرف سے کیے گئے قتلِ عام کے جواب میں جمعرات کی نصف شب کریات شمونہ کی بیرکوں کو فلق-1 میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
سول ڈیفنس نے اعلان کیا کہ بدھ کی شام نبطیہ میں اسرائیلی ڈرون سے جزوی طور پر تباہ ہونے والی عمارت کے مقام پر ریسکیو کی کارروائیوں کے بعد انہوں نے مجموعی طور پر 11 شہریوں کی لاشیں نکالیں جبکہ دو زخمیوں کو نبطیہ گورنمنٹ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
نبطیہ حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا کہ ’دشمن شہریوں کو قتل کرنے میں بہت آگے نکل گیا ہے۔ اس کا مقصد مزاحمت کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنا ہے کیونکہ سات اکتوبر کے بعد سے تمام دباؤ کا مقصد جنوبی محاذ کو روکنا تھا۔ قتل عام کا جواب یہ ہونا چاہیے کہ کارروائی جاری رکھی جائے اور اس میں اضافہ کیا جائے۔‘

لبنانی سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ’اسرائیلی فوج کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ حزب اللہ کے سپلائی راستوں کو آگ لگا کر منقطع کر دیا جائے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مزید کہا کہ ’کریات شمونہ کی بستی کو درجنوں کاتیوشا راکٹوں اور متعدد الفلق میزائلوں سے نشانہ بنانا ایک ابتدائی ردعمل ہے۔ اسرائیلی دشمن نبطیہ اور السوانہ میں ہماری عورتوں اور بچوں کا خون بہانے کی قیمت ادا کرے گا۔‘
لبنانی سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ’اسرائیلی فوج اپنی کارروائیوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے کہ حزب اللہ کے سپلائی راستوں کو آگ لگا کر منقطع کر دیا جائے اور سرحدی دیہات کو ایک دوسرے سے ملانے والی سڑکوں کو بند کر دیا جائے۔‘
اسرائیلی جاسوس طیارے جنوبی لبنان پر پرواز کرتے ہوئے دریائے لیطانی کے راستے تک پہنچ رہے ہیں۔
60 ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے دوران ایک خطاب میں نگراں وزیراعظم نجیب میقاتی نے یقین دہانی کرائی کی کہ ’لبنان اقوام متحدہ کی تمام قراردادوں پر عمل پیرا رہے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسرائیل ان قراردادوں پر عمل درآمد کرے، لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کو روکے اور تمام مقبوضہ لبنانی سرزمین سے دستبردار ہو جائے۔‘

شیئر: