Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فون کو چاولوں میں نہ رکھیں‘ ایپل کی آئی فون صارفین کو انتباہ

ایپل کے مطابق آئی فون کو مکمل طور پر خشک ہونے میں 24 گھنٹے  بھی لگ سکتے ہیں۔ (فوٹو: سی زی سٹور)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے فون کو پانی کے نقصان سے بچانے کے لیے چاولوں کے تھیلے میں نہ رکھیں۔
ایپل سپورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اپنے آئی فون کو چاول کے تھیلے میں نہ رکھیں کیونکہ چاولوں کے ذرات آئی فونز کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
سمارٹ فونز کے بارے میں اکثر کہا جاتا ہے کہ اگر فون گیلا ہوجائے تو اس کو خشک کرنے کے لیے چاولوں میں رکھیں تو یہ جلد خشک ہوجاتا ہے۔ ٹیک ماہرین اس کو رائس ٹریٹمنٹ کا نام بھی دیتے ہیں۔ تاہم ایپل نے اس طریقے کو غیر موثر قرار دے دیا ہے اور اپنے صارفین سے تلقین کی ہے کہ وہ اپنے فونز کو چاولوں میں نہ رکھیں۔
ایپل کے مطابق فون کو سکھانے کیلئے اسے سیدھا تھام کر کنیکٹر کو نیچے کی طرف رکھیں اور پانی کو خشک ہونے دیں۔ اس طرح فون میں سے اضافی پانی نکل جائے گا جس کے بعد آپ اپنے فون کو خشک جگہ پر رکھ کر 30 ​​منٹ بعد چارج کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ آئی فون میں پانی داخل ہو جائے تو وہ چارجنگ نہیں کرتا اور خشک ہونے تک فون کی سکرین پر ’واٹر ڈٹیکشن‘ کا الرٹ جاری رہتا ہے۔ ایپل کے مطابق آئی فون کو مکمل طور پر خشک ہونے میں 24 گھنٹے  بھی لگ سکتے ہیں۔
ایپل کے مطابق صارفین کو آئی فون کے گیلا ہونے پر اسے چارج نہیں کرنا چاہیے، لیکن ہنگامی صورتحال میں اس کی ضرورت پڑنے پر ’واٹر ڈٹیکشن‘ کے الرٹ کو اوور رائڈ کر کے فون کو چارجنگ پر لگایا جا سکتا ہے۔

شیئر: